سوئی سدرن کمپنی عوام دشمنی پر مبنی اقدامات بند کرکے کوئٹہ میں گیس پریشر بحال کرے، پشتونخوا میپ

کوئٹہ (انتخاب نیوز) پشتونخواملی عوامی پارٹی کے صوبائی سیکرٹریٹ کے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ گیس پریشر کی شدید کمی ولوڈشیڈنگ کیخلاف پارٹی ضلع کوئٹہ کے مختلف علاقائی یونٹوں کے زیر اہتمام آج کوئٹہ میں سوئی سدرن گیس کمپنی دفتر سمنگلی روڈ پر صبح 10بجے احتجاجی مظاہرہ ہوگا، کوئٹہ کے شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ احتجاجی مظاہرہ میں بھرپور شرکت کریں۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ شدید سردی میں عوام کو گیس، بجلی میسر نہیں، صوبائی حکومت کو عوام سے کوئی سروکار نہیں کہ وہ کس حال اور اذیت سے دوچار ہیں، بدترین مہنگائی کے باعث ایندھن کے دیگر ذرائع کا استعمال غریب عوام کے بس میں نہیں جبکہ سوئی سدرن گیس کمپنی مکمل طور پر عوام دشمنی پر مبنی اقدامات اٹھاتے ہوئے غیر سنجیدگی کا مظاہرہ کررہی ہے اور جی ایم سوئی سدرن گیس کمپنی مسلسل دروغ گوئی اور طفل تسلیوں سے کام لے رہے ہیں۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ عوام منفی 12میں بغیر گیس کے کس قدر اذیت ناک صورتحال سے دوچار ہیں اس کا اندازہ جی ایم گیس اور دیگر حکام کو اس لیئے نہیں کیونکہ انہیں گیس کی سہولت 24گھنٹے مفت میسر ہیں جبکہ صوبے کی پیداوار سوئی گیس بدقسمتی سے صوبے کے محض چند اضلاع کو فراہم کی گئی اوروہاں بھی شہروں کو گیس نہیں دیاجارہا، ان اضلاع وعلاقوں کے غریب عوام، خواتین، بچے، ضعیف العمر افراد علاقائی، ضلعی، مرکزی شاہراہوں پر آئے روز احتجاج کررہے ہیں اور سڑکوں کی بندش پر مجبور ہے جنہیں بعد ازاں مذاکرات اور دروغ گوئی کی بنیاد پر کھول دیاجاتا ہے عارضی طور پر گیس بحال اور پھرسے گیس بند کردی جاتی ہے۔ اسمبلی میں بیٹھے نمائندگان اپنے ہی حلقے کے عوام کو اس اذیت ناک صورتحال سے نکالنے کیلئے بے بس ہیں۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ پشتونخواملی عوامی پارٹی نے ہر فورم پر نہ صر ف احتجاج کی بلکہ اس کیلئے جی ایم سمیت دیگر حکام سے ملاقاتیں کی اور ان کی جانب سے یقین دہانیاں کرائی گئی لیکن انہیں عملی جامع نہیں پہنایا گیا۔ ماضی میں صوبے بالخصوص کوئٹہ شہر کیلئے بہترین تجاویز دی گئی لیکن ان پر بھی عملدرآمد نہ کیا گیا اگر کیا جاتا تو آج ہمارے عوام کو گیس میسر ہوتی۔ بیان میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ عوام کو فوری طور پر گیس کی فراہمی یقینی بنائی جائے اور غیر سنجیدہ، نااہل جی ایم سوئی سدرن گیس کمپنی کا تبادلہ کرکے کسی فرض شناس، قابل اور عوام دوست آفیسر کو لایا جائے تاکہ وہ عملی اوربروقت اقدامات اٹھا کر شہریوں کو درپیش اذیت ناک صورتحال سے نجات دلائیں اور گیس کی فراہمی ہر موسم میں میسر ہو۔ بیان میں کوئٹہ میں ان تمام افراد جو گیس لیکیج، دھماکوں، دم گھٹنے کے باعث مختلف واقعات میں جاں بحق ہوئے کیلئے دعائے مغفرت پسماندہ گان کیلئے صبر جمیل اور زخمی ہونیوالوں کیلئے صحت کی دعا کی گئی ہے اور صوبائی حکومت پر زور دیا گیا ہے کہ سوئی سدرن گیس کمپنی کے حکام کو طلب کرتے ہوئے ان واقعات کا نوٹس لیں اور زخمی ہونیوالوں کے بہتر علاج ومعالجے کیلئے اقدامات کریں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں