کوئٹہ سمیت شمالی بلوچستان کے متعدد علاقوں میں برفباری، کوژک ٹاپ آمدو رفت کیلئے بحال
کوئٹہ (انتخاب نیوز) وادی کوئٹہ سمیت بلوچستان کے شمالی و بالائی اور دیگر علاقوں میں بارش اور برفباری کی وجہ سے پہاڑوں اور میدانوں نے سفید چادر اوڑھ لی سردی کی شدت میں اضافہ ہونے اور گیس پریشر میں کمی کے باعث شہریوں کی مشکلات بڑھ گئی ہے۔ گزشتہ روز محکمہ موسمیات نے بلوچستان کے شمالی و بالائی علاقوں کوئٹہ، مستونگ، ژوب، بارکھان، زیارت،چمن، پشین، سبی، نوکنڈی، دالبندین، ہرنائی، قلعہ سیف اللہ، قلعہ عبداللہ ،مسلم باغ ، قلات، خضدار، تربت،چاغی،خاران، واشک،پنجگور، کیچ اور مکران کے ساحلی علاقوں میں بارش برفباری کا امکان ظاہر کیا تھا گزشتہ شب کان مہترزئی اس سے ملحقہ علاقوں کوژک ٹاپ پشین ، مسلم باغ، قلعہ عبداللہ، کان مہترزئی، سمیت دیگر علاقوں میں رات بارش اور برفباری کا سلسلہ شروع ہو اجو وقفے وقفے سے بڑھتا رہا اور بدھ کی دوپہر صوبائی دارالحکومت کوئٹہ ، کاریزات سمیت دیگر علاقوں میں بارش اور برفباری کا سلسلہ جاری ہے جس کی وجہ سے سردی کی شدت میں بھی اضافہ ہوگیا۔ کوئٹہ کے مختلف علاقوں سے گیس پریشر میں کمی کی شکایات موصول ہورہی ہےں۔ واضح رہے کہ صوبائی وزیر پی ڈی ایم اے میر ضیا اللہ لانگو کی خصوصی ہدایت پر ڈی جی پی ڈی ایم اے کی ٹیمیں موٹر وے پولیس، ضلعی انتظامیہ کے ساتھ ملکر جن علاقوں میں برفباری ہوئی ہے وہاں پر راستوں کی بحالی کے لئے ہیوی مشینری کے ساتھ موجود ہیں اور سڑکوں سے برف ہٹا کر ٹریفک کی آمدو رفت کو یقینی بنارہے ہیں اور مختلف سڑکوں پر برفباری کے باعث پھسلن سے بچانے کےلئے نمک کا چھڑکاﺅ کیا جارہا ہے۔ کوژک ٹاپ، کان مہترزئی، خانوزئی، قلعہ سیف اللہ، مسلم باغ، زیارت اور دیگر علاقوں میں بھی سڑکوں سے گزشتہ رات سے انتظامیہ ہیوی مشینری کے ساتھ برف ہٹارہے ہیں۔ یاد رہے کہ محکمہ موسمیات کی جانب سے بارش اور برفباری کا 2 روز تک جاری رہنے کا امکان ظاہر کرتے ہوئے سردی کی شدت میں اضافے کی پیشنگوئی کی ہے۔


