مہاجرین کو مردم شماری کا حصہ بنانا بلوچوں کی آبادی کو کم ظاہر کرنا ہے، فہمیدہ حمید
کوئٹہ (انتخاب نیوز) نیشنل پارٹی کی رہنما فہمیدہ حمید نے کہا ہے کہ خانہ شماری و مردم شماری انتہاہی اہمیت کا حامل ہوتا ہے اس کے ذریعے نہ صرف آبادی کا تعین ہوتا ہے بلکہ ترقی کے پہیہ کی رفتار کا تعین بھی خانہ و مردم شماری کے نتائج کے تحت ترتیب پاتا ہے انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں جوائنٹ فیملی سسٹم ہے، لیکن ہر مردم شماری میں ایک ہی چار دیواری میں بہت سے گھرانوں کی رہائش پذیری کو یکسر پس پشت ڈال کر اپنے مفادات و من پسند نتائج اخذ کرنے کے لیے حقائق کو مسخ کر دیا جاتا ہے، آج ایک دفعہ پھر افغان مہاجرین کو بلوچستان کے حقیقی وارث بنانے کی نیت سے بلوچوں کی آبادی کو کم کرنے کے لیے مردم شماری میں شامل کیا جارہا ہے جو کہ بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہے مقررین نے کہا کہ خانہ و مردم شماری پوری قوم کا مسئلہ ہے لہذا تمام پارٹیوں اور عوام کی ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ اس میں بھر پور حصہ لیں ،انہوں نے کہا کہ نیشنل پارٹی تمام تر تحفظات کے باوجود مردم شماری میں حصہ لے گی اور اس حوالے سے میڈیا پر بھر پور مہم چلائے گی


