ژوب کو ڈویژن کا درجہ ملے سال مکمل، ڈویژنل ہیڈ کوارٹر کی تعمیر کیلئے فنڈز ریلیز نہ ہوسکے

ژوب (انتخاب نیوز) ژوب ڈویژن ہیڈ کوارٹر کی عدم تعمیر سے ڈویژنل افیسران کو رہائش اور دفتری کام میں مشکلات کا سامنا ۔ تفصیلات کے مطابق ژوب کو ڈویژن کو درجہ ملے ایک سال مکمل ہوگیا تاہم اب تک ڈویژنل ہیڈ کوارٹر کی تعمیر کیلئے فنڈز ریلیز نہ ہوسکے جس سے عوام میں تشویش پائی جاتی ہے۔ ژوب شیرانی قلعہ سیف اللہ کے عوامی وسماجی حلقوں نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ ژوب اور لورالائی ڈویژن کی تقسیم کو ایک سال گزر گیا ہے لیکن اب تک ڈویژنل اسامیاں مشتہر نہ کرنا عوام کے ساتھ سراسر ناانصافی کے مترادف عمل ہے ژوب ڈویژن نام ہی تک محدود ہے ڈویژنل افیسران کو عدم رہائش اور دفتر میسر نہ ہونے کے باعث افیسران واپس کوئٹہ چلے جاتے ہیں جس سے عوام کو دفتری کام نمٹانے میں سخت مشکلات درپیش ہےں انہوں نے وزیراعلیٰ بلوچستان میر قدوس بزنجو چیف جسٹس بلوچستان ہائی کورٹ کورکمانڈر بلوچستان چیف سیکرٹری بلوچستان صوبائی مشیر اطلاعات حاجی مٹھا خان کاکڑ کمشنر ژوب ڈویژن سعید عمرانی سے پرزور اپیل کی کہ ژوب ڈویژن ہیڈ کوارٹر کی تعمیر کیلئے ہنگامی بنیادوں پر فنڈز جاری کریں اور ڈویژنل اسامیاں فوری طور پر مشتہر کی جائیں بصورت دیگر ژوب شیرانی قلعہ سیف اللہ کے عوام سخت ترین احتجاج کا حق محفوظ رکھتے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں