راؤ انوار ہر کسی کا لاڈلہ ہے، بری کرنے کی تیاری کی جارہی ہے، اہلخانہ نقیب اللہ محسود
کراچی (انتخاب نیوز) کراچی میں مبینہ جعلی پولیس مقابلے میں مارے جانے والے نوجوان نقیب اللہ محسود کے اہلخانہ کے وکیل اور سماجی رہنما جبران ناصر نے الزام لگایا ہے کہ ریاست کی پوری تیاری ہے کہ راؤ انوار اور ٹیم کو بری کرایا جائے۔ کراچی پریس کلب کے باہرکراچی گرینڈ جرگہ کے عہدیداران کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے جبران ناصرکا کہنا تھا کہ نقیب اللہ کو ناجائز قتل ہوئے پانچ سال گزر گئے، 23 جنوری (پیر) کو انسداد تخریب کاری کی عدالت میں کیس کا فیصلہ متوقع ہے۔ جبران ناصرکا کہنا تھا کہ کیس میں نامزد7 پولیس افسران اب بھی مفرور ہیں، ریاست کی پوری تیاری ہے کہ راؤ انوار اور ٹیم کو بری کرایا جائے، ان لوگوں کے خلاف تمام ریکارڈ بھی ختم کیے گئے، راؤ انوار کو اتنی سہولتیں کیوں فراہم کیں گئیں؟ اس کے اپنے ہی گھر کو سب جیل بنادیا گیا۔ مقتول نقیب اللہ کے اہلخانہ کے وکیل کا مزیدکہنا تھا کہ راؤ انوار ہرکسی کا لاڈلہ ہے۔ اس موقع پر نقیب اللہ محسود کے بھائی عالم شیر محسود نے کہا کہ 5 سال مکمل ہوگئے ہیں لیکن ہمیں انصاف نہیں ملا، ہمارے ساتھ بڑے بڑے وعدے کیے گئے۔ عالم شیر محسود نے کہا کہ والد نے مرنے سے قبل وصیت کی تھی کہ آخری دم تک ہم انصاف مانگتے رہیں، ہم ہائی کورٹ اور سپریم کورٹ میں دوبارہ جائیں گے، عدالتوں کو اپنا کام کرنا ہے اور ہمیں اپنا کام کرنا ہے۔


