چین میں ایک ہفتے کے دوران کرونا سے 13ہزار افراد ہلاک ہوئے
بیجنگ(صباح نیوز)چین میں ایک ہفتے کے دوران کرونا سے 13 ہزار افراد سے زائد ہلاک ہوگئے ہیں۔غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق چین میں گزشتہ دنوں وبائی بیماریوں کے حوالے سے لگائی گئی پابندیوں میں نرمی کے بعد کرونا وبا کے پھیلاؤ میں بڑا اضافہ دیکھا گیا ہے۔ چین کے سینٹر فار ڈیزیز کنٹرول اینڈ پریوینشن (سی ڈی سی) نے اپنے بیان میں اعتراف کیا ہے کہ 13 سے 19 جنوری کے درمیان ملک کے مختلف اسپتالوں میں 681 افراد براہ راست کرونا وبا کا شکار ہوکر لقمہ اجل بنے جب کہ 11977 افراد کورونا کے باعث دوسری بیماریاں پیچیدہ ہونے سے ہلاک ہوئے۔ سرکاری اعداد و شمار میں ان لوگوں کا کوئی ڈیٹا شامل نہیں جو گھروں میں زندگی کی بازی ہارے۔ وبائی امراض کے پھیلا ؤاور اس کے نتیجے میں ہونے والے نقصانات کا ڈیٹا مرتب کرنے والے برطانوی ادارے ایئر فینیٹی (Airfinity) نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ چین میں قمری سال کے آغاز کی چھٹیوں کے دوران کرونا سے ہلاکتوں کی یومیہ تعداد 36 ہزار تک جاسکتی ہے۔ ایئر فینیٹی (Airfinity) نے دسمبر 2022 سے چین میں کرونا پابندیوں کے خاتمے کے بعد سے کرونا کے باعث اب تک 6 لاکھ ہلاکتوں کا تخمینہ لگایا ہے۔دوسری جانب چین کے نیشنل ہیلتھ کمیشن کے ایک اہلکار گو یاہونگ ایک پریس کانفرنس کے دوران دعوی کیا تھا کہ چین میں کرونا وائرس کے پھیلا ؤکے عروج کا وقت گزر چکا، اب اس میں بتدریج کمی آرہی ہے۔کرنا وبا کے تناظر میں چینی حکومت کی جانب سے عائد پابندیاں ختم ہونے کے بعد اس مرتبہ کم و بیش 3 سال بعد لوگوں نے نئے قمری سال کی چھٹیاں اپنے پیاروں کے ساتھ منائی ہیں۔ چھٹیوں میں ایک کروڑ افراد اپنے آبائی علاقوں میں گئے ہیں۔چین کے صدر شی جن پنگ نے گزشتہ ہفتے دیہی علاقوں میں وائرس کے پھیلا ؤ پر تشویش کا اظہار کیا تھا تاہم شعبہ صحت کے حکام کا دعویٰ ہے کہ 80 فیصد لوگ پہلے ہی کرونا سے بچاؤ اور قوت مدافعت کے ٹیکے لگوا چکے ہین، اس لئے وبا کی دوسری لہر آنے کے کوئی امکان نہیں۔


