امریکا، فائرنگ کے ایک اور واقعے میں 7 افراد ہلاک، ایک زخمی، ملزم گرفتار
کیلی فورنیا(مانیٹرنگ ڈیسک)امریکی ریاست کیلی فورنیا کے شہر ہاف مون میں فائرنگ کے ایک اور واقعے میں مزید 7افراد ہلاک ہوگئے، دو روز کے دوران فائرنگ کے واقعات میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد 18ہوگئی ،اس سے ایک روز قبل مونٹیری پارک میں فائرنگ کے واقعے میں 10افراد ہلاک ہوگئے تھے جبکہ حملہ آور نے بھی خودکشی کر لی تھی ۔ امریکی نشریاتی ادارے کے مطابق کیلی فورنیا کے شہر ہاف مون بے کے فارم ہائوس میں فائرنگ سے ہلاک ہونے والے 7افراد کھیتوں میں کام کرتے تھے۔پولیس نے ملزم کو پارکنگ میں اس وقت گرفتار کرلیا جب وہ بھاگنے کی کوشش کر رہا تھا۔ ملزم کی گاڑی سے پولیس کو ایک خودکار پستول بھی ملی۔ قتل کے محرکات کا تعین نہیں ہوسکا۔مسلح شخص نے فائرنگ فارم ہائوس میں دو الگ الگ مقامات پر کی تھی۔ پولیس کو ایک مقام سے 3 اور دوسرے مقام سے 4لاشیں اور ایک شدید زخمی شخص ملا تھا۔ سان میٹیو کانٹی شیرف کرسٹینا کارپس نے بتایا کہ گرفتار ملزم کی شناخت 67 سالہ چونلی ژا کے نام سے ہوئی ہے جو جائے وقوعہ کے نزدیک ہی ایک فارم ہائوس میں کام کیا کرتا تھا۔ ایک روز قبل کیلی فورنیا میں ہی چین کے سال نو کی مناسبت سے ہونے والی ڈانس پارٹی پر 72 سالہ شخص نے اندھا دھند فائرنگ کرکے 10 افراد کو قتل کردیا تھا اور خود بھی اپنی گولی لگنے سے ہلاک ہوگیا تھا۔ واضح رہے کہ امریکا میں سال کے پہلے مہینے کے ابتدائی 21دنوں میں فائرنگ کے 38 بڑے واقعات ہوئے اور ہر واقعے میں کم سے کم 4افراد ہلاک ہوئے ہیں اور اکثر واقعات میں ملزم بھی ہلاک ہوا۔


