وفاقی کابینہ کا اجلاس، توشہ خانہ کی معلومات مشتہر کرنے کی منظوری

اسلام آباد(انتخاب نیوز)وفاقی کابینہ نے توشہ خانہ سے متعلق معلومات اور ڈیٹا پبلک کرنے کی منظوری دے دی جبکہ اجلاس میں وزیر اعظم نواز شریف نے بجلی بریک ڈائون پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ذمہ داران کے خلاف کارروائی کی ہدایت کی ۔وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی دارالحکومت میں کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں 4نکاتی ایجنڈے پر غور کیا گیا، اجلاس میں کابینہ نے توشہ خانہ کے حوالے سے بین الوزارتی کمیٹی کی رپورٹ کا جائز ہ لیا، جبکہ کابینہ ڈویژن نے توشہ خانہ کے حوالے سے نئی پالیسی پر بریفنگ دی۔ اجلاس میں وفاقی کابینہ نے توشہ خانہ کی نئی پالیسی میں مزید ترامیم تجویز کر دیں، بین الوزارتی کمیٹی نے توشہ خانہ پر نئی پالیسی کابینہ اجلاس میں پیش کی، بین الوزارتی کمیٹی توشہ خانہ میں مزید ترامیم کرکے پالیسی پیش کرے گی۔ اجلاس میں نئی پالیسی کو کلاسیفائیڈ نہ رکھنے کا فیصلہ کرتے ہوئے معلومات عوام کے سامنے لانے کی منظوری دے دی گئی۔ نئی پالیسی کے مطابق تحفہ حاصل کرنے والی شخصیت اصل قیمت ادا کر کے تحفہ حاصل کر سکے گی۔بجلی بریک ڈائون کا معاملہ بھی وفاقی کابینہ میں غور آیا، وزیر اعظم شہباز شریف نے بریک ڈائون پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ ڈویژن کے حکام کی سرزنش کی۔ وزیر اعظم نے کہا کہ بتایا جائے بجلی کیوں بند ہوئی اور فوری طور پر بحال کیوں نہ ہو سکی، وزیر اعظم کو وزیر توانائی نے بجلی بریک ڈائون پر بریفنگ بھی دی جس پر وزیراعظم نے عدم اعتماد کا اظہار کیا اور ذمہ داران کے خلاف کارروائی کی ہدایت کی ہے۔ اجلاس میں وفاقی وزیر توانائی خرم دستگیر کی جانب سے بجلی بریک ڈائون پر بریفنگ بھی دی گئی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں