بی این پی انتقامی کارروائیوں کی وجہ سے جام کمال کی حکومت ختم کرنے کے عمل میں شامل ہوئی، شکیلہ دہوار

کوئٹہ (انتخاب نیوز) ایم پی اے و بلوچستان نیشنل پارٹی کی مرکزی خواتین سیکرٹری شکیلہ نوید دہوار نے کہا ہے کہ بی این پی کی جدوجہد کسی سے ڈھکی چھپی نہیں خواتین کو غیرت کے نام پر قتل کرنا ہراساں کرنا اور وراثت سے محروم رکھنا مکروہ عمل ہے، خواتین جائیداد میں برابر کی شریک اور اس کا باقاعدہ قانون بھی موجود ہے خواتین کو حق دلانے کیلئے معاشرے کے ہر باشعور طبقے کو اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔ غیرت کےنام پر خواتین کا قتل فرسودہ نظام ہے، جام کمال نے اپنے دور حکومت میں مظالم ڈھائے ان کے دور حکومت میں بلوچستان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ کسی خاتون رکن اسمبلی پر ایف آئی آر کاٹی گئی، بی این پی جام کمال کے ڈھائے گئے مظالم اور انتقامی کارروائیوں کی وجہ سے ان کو ہٹانے میں شامل ہوئی لیکن موجودہ حکومت کی اتحادی نہیں ہے خواتین کے حقوق کیلئے آواز اٹھانا میرا فرض ہے ان خیالات کا اظہار انھوں نے سمالانی کالونی مچھ میں اپنے تنظیمی دورے کی موقع پر بلال سمالانی ہاﺅس مچھ میں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ بی این پی کے مرکزی کمیٹی کی خاتون رکن شمائلہ اسماعیل، ڈسٹرکٹ خواتین سیکرٹری کوئٹہ منورہ سلطانہ سمالانی، بی این پی بولان کے آرگنائزر امین دانش، بلال احمد سمالانی، دینار خان سمالانی، بہاول خان سمالانی، ولی بابرسمالانی، بابو خیر جان سمالانی، محمد عمر سمالانی بھی تھے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں