کوئٹہ میں اسٹیورٹ روڈ اور ملحقہ علاقوں میں گیس کی بندش اور کم پریشر کیخلاف مکینوں کا احتجاج، شاہراہ بندکردی
کوئٹہ (انتخاب نیوز) کوئٹہ کے علاقے اسٹیورٹ روڈ کے مکینوں نے گیس اور بجلی کی بندش کیخلاف روڈ بلاک کر کے احتجاج کیا جس سے ہر قسم کی ٹریفک معطل ہو گئی مظاہرین نے سوئی سدرن گیس کمپنی کے حکام کیخلاف شدیدنعرہ بازی کرتے ہوئے کہا کہ شدید سردی کے دوران سوئی گیس حکام کی جانب سے گیس پریشر میں کمی اور گیس کی عدم فراہمی کی وجہ سے لوگوں کو سردی سے بچاﺅ اور گھروں میں کھانا بنانے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، شدید مہنگائی کے اس دور میں مہنگائی کے ستائے ہوئے مکینوں کا کہنا ہے کہ گیس نہ ہونے کی وجہ سے بازار سے کھانا خرید کر لانے سے ہمیں مالی مشکلات درپیش ہیں، گیس اور بجلی کی بندش کا نوٹس لیتے ہوئے بلا تعطل گیس کی فراہمی یقینی بنائی جائے تاکہ لوگوں کو گھروں میں کھانا بنانے اور سردی سے بچنے کیلئے درپیش مشکلات سے نجات مل سکے،مظاہرین کا کہنا ہے کہ ہم نے متعدد بار گیس حکام کو صورتحال سے آگاہ کیا ہے، لیکن کوئی شنوائی عمل میںنہیں لائی گئی جس کی وجہ سے بہت سے مسائل درپیش ہےں، مظاہرین انتظامیہ کی یقین دہانی پر اپنا احتجاج ختم کرتے ہوئے پر امن طور پر منتشر ہو گئے۔


