پاکستان، یواین کا موسمی تبدیلی کے خطرہ سے دوچارعلاقوں میں پائیداراقدامات پراتفاق
اسلام آباد(انتخاب نیوز)پاکستان اور اقوام متحدہ نے موسمی تبدیلی کے اثرات کے حوالے سے ملک کے خطرے سے دوچار علاقوں میں پائیدار اور بہتر اقدامات یقینی بنانے پر اتفاق کیا ہے۔یہ اتفاق رائے اسلام آباد میں ناگہانی آفات سے نمٹنے کے قومی ادارے کے چیئرمین لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر ملک اور انسانی امور سے متعلق تعاون کیلئے اقوام متحدہ کے دفتر کی پاکستان کیلئے نمائندہ کارلوس گہا کے درمیان ملاقات میں طے پایا۔فریقین نے مشترکہ منصوبوں اور ماہانہ بنیادوں پر عملے کی سطح کے اجلاسوں کے اہتمام کیلئے نظام وضع کرنے پر بھی اتفاق کیا تاکہ مشترکہ اہداف کو حاصل کیا جا سکے۔ناگہانی آفات سے نمٹنے کے قومی ادارے کے چیئرمین نے کہا کہ پاکستان ملک میں موسمی بنیادوں پر ہونے والی تباہیوں اور ہنگامی حالات کے اثرات کو کم کرنے کیلئے قومی سطح پر یکساں نوعیت کے اقدامات کے ذریعے آبادیاتی بنیادوں پر تیاریوں کو موثر بنانا چاہتا ہے۔انسانی امور سے متعلق رابطے کے بارے میں اقوام متحدہ کے ادارے نے ناگہانی آفات سے نمٹنے کے قومی ادارے کے اس منصوبے کو سراہا جس کے تحت پاکستان میں ناگہانی آفات سے نمٹنے کے نظام کو مضبوط بنانا ہے جبکہ اقوام متحدہ کے ادارے نے اس حوالے سے اہداف کے حصول کیلئے مکمل تعاون کا بھی یقین دلایا ۔


