کینیڈا میں آئی فون نے ویران علاقے میں پھنسی 2 خواتین کو بچا لیا

ٹورنٹو (مانیٹرنگ ڈیسک) ایپل کی آئی فون 14 سیریز کو ستمبر 2022ء میں متعارف کرایا گیا تھا جس میں پہلی بار سیٹلائٹ کے ذریعے ایمرجنسی ایس او ایس پیغامات بھیجنے کے فیچر کو شامل کیا گیا تھا، جس کا مقصد مشکل حالات میں لوگوں کی زندگی بچانا تھا۔اب تک امریکا میں اس فیچر نے کئی افراد کی زندگی بچانے میں مدد فراہم کی ہے اور اب کینیڈا میں بھی اس سے 2 خواتین کو بچانا ممکن ہوگیا۔ اس فیچر سے سیلولر سگنل یا وائی فائی کے بغیر ٹیکسٹ میسج بھیجنا ممکن ہوتا ہے۔ کینیڈا کے صوبے برٹش کولمبیا کے ایک گاؤں میک برائیڈ کے قریب ویران علاقے میں پھنس جانے والی 2 خواتین کو اس فیچر کے ذریعے بچا لیا گیا۔ یہ پہلی بار تھا جب کینیڈا میں ایپل کے اس نئے فیچر سے کسی کی زندگی بچانا ممکن ہوا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق 23 دسمبر کو یہ دونوں خواتین البرٹا جا رہی تھیں اور ان میں سے ایک کے پاس آئی فون 14 موجود تھا۔ راستے میں ایک حادثے کے باعث ہائی وے بند تھی جس کے باعث انہوں نے متبادل راستے سے جانے کا فیصلہ کیا۔ مگر متبادل سڑک پر وہ راستہ بھول گئیں جبکہ ان کی گاڑی برفباری کے باعث بند ہوگئی۔ برٹش کولمبیا کی ریسکیو ٹیم کے سنیئر منیجر Dwight Yochim کے مطابق گاڑی بند ہونے کے بعد خواتین کو برف کی دیوار کا سامنا ہوا اور وہ وہاں پھنس گئیں۔ ان خواتین نے نکلنے کی کوشش کی مگر کوئی فائدہ نہیں ہوا کیونکہ موبائل سروسز دستیاب نہیں تھیں۔ اس موقع پر ایک خاتون نے آئی فون 14 کے سیٹلائیٹ فیچر سے مدد کا پیغام بھیجا۔ Dwight Yochim نے بتایا کہ ایس او ایس فیچر کے استعمال کے بعد ایک میسج ایپل کال سینٹر کو موصول ہوا۔ انہوں نے بتایا کہ ایپل کال سینٹر نے ناردرن 911 سے رابطہ کیا جن کی جانب سے ہمیں کال کرکے خواتین کی جی پی ایس لوکیشن اور دیگر تفصیلات فراہم کی گئیں۔ ان تفصیلات کی مدد سے ریسکیو ٹیم نے خواتین کو تلاش کرکے گاڑی کو برف سے باہر نکالا اور انہیں منزل کی جانب روانہ کیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں