شیخ رشید نے پولیس طلبی کا نوٹس عدالت میں چیلنج کر دیا
اسلام آباد(انتخاب نیوز)عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے پولیس کے طلبی کے نوٹس کو اسلام آباد ہائی کورٹ میں چیلنج کر دیا۔ شیخ رشید پٹیشن فائل کرنے کے لیے اسلام آباد ہائی کورٹ پہنچے جہاں انہوں نے بائیو میٹرک کرایا اور تھانہ آبپارہ کی جانب سے طلبی چیلنج کر دی۔ انہوں نے تھانہ آبپارہ کا نوٹس غیر قانونی قرار دینے کے لیے اسلام آباد ہائی کورٹ میں درخواست دائر کی ہے۔ شیخ رشید نے وکیل نعیم حیدر پنجوتھہ اور انتظار حسین پنجوتھہ کے ذریعے درخواست دائر کی ہے۔ شیخ رشید نے درخواست میں موقف اختیار کیا ہے کہ وفاقی وزیرِ داخلہ رانا ثنا اللہ کی جانب سے مجھے دھمکیاں مل رہی ہیں۔ درخواست میں شیخ رشید کا کہنا ہے کہ پولیس کو ایف آئی آر سے پہلے اس طرح کے نوٹس کا اختیار نہیں، پولیس نے غیر قانونی طریقے سے نوٹس جاری کیا۔ شیخ رشید کی جانب سے دائر کی گئی درخواست میں عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ پولیس کے نوٹس کو کالعدم قرار دیا جائے، پولیس کو ہراساں کرنے سے روکا جائے۔ شیخ رشید نے درخواست میں مدعی، ایس ایچ او اور آئی جی کو فریق بنایا ہے۔ واضح رہے کہ شیخ رشید نے عمران خان کو قتل کرانے کا الزام آصف زرداری پر عائد کیا تھا۔ پولیس کی جانب سے سابق صدر آصف علی زرداری پر الزام لگانے پر شیخ رشید کو آج طلب کیا گیا تھا۔


