اسلام آباد، پارک میں تفریحی کیلئے آئی لڑکی سے مبینہ اجتماعی زیادتی، ملزمان فرار
اسلام آباد (انتخاب نیوز) اسلام آباد کے ایف 9 پارک میں میاں چنوں کی رہائشی لڑکی کے ساتھ مبینہ طور پر اجتماعی زیادتی۔ اطلاعات کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں بھیانک واردات ایف نائن پارک میں ہوئی، مسلح افراد نے لڑکی سے زیادتی کی۔ لڑکی ہواخوری کیلئے دوست کے ساتھ پارک آئی تھی، مسلح افراد نے چہل قدمی کرتے وقت روکا، دوست کو الگ لے گئے، جان سے مارنے کی دھمکی دی، شور کرنے پر تھپڑ مارے، درختوں کے جھنڈ میں لے جا کر تشدد کیا، کپڑے پھاڑ ڈالے اور زیادتی کا نشانہ بنایا۔ پولیس کو بیان میں لڑکی نے کہا کہ دو حملہ آوروں نے زیادتی کی، زیادتی کے بعد کپڑے دور پھینک دیے تاکہ وہ بھاگ نہ سکے، حملہ آوروں کو دہائیاں دیں پر وہ باز نہ آئے۔ ملزمان نے زیادتی کے بعد لڑکی سے کہا کہ شام کے وقت پارک نہ آیا کرو۔ ڈاکٹرز کے مطابق لڑکی کے جسم پر زیادتی کے نشانات ہیں۔ مارگلہ پولیس نے مقدمہ درج کرلیا جبکہ سی سی ٹی وی وڈیو کے ذریعے ملزمان کی تلاش جاری ہے۔ معاملے میں پارک عملہ بھی شاملِ تفتیش ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ جمعرات کی رات خاتون کو ایف نائن کے پارک میں گن پوائنٹ پر 2 ملزمان نے زیادتی کا نشانہ بنایا۔ پولیس کے مطابق خاتون کا پمز اسپتال میں میڈیکل کرایا گیا ہے اور سیمپل فارنزک لیبارٹری ارسال کردیے گئے ہیں۔


