اپوزیشن کورونا کی آڑ میں سیاست کررہی ہے،شاہ محمود قریشی

اسلام آباد:وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ کورونا چیلنجزسے نمٹنے کیلئے ایک مربوط حکمت عملی کے تحت چل رہے ہیں۔ عوام کو بھوک سے بھی بچانا ہے اور کورونا سے بھی۔ اپوزیشن کورونا کی آڑ میں سیاست کررہی ہے۔ یہ وقت سیاست کا نہیں بلکہ قوم کو کورونا سے بچانے کا ہے۔ وزیراعظم عمران خان کی بصیرت کے مطابق کورونا سے بہترین طریقے سے نمٹ رہے ہیں۔ اپنی استداد کار کے مطابق تمام توانائیاں صرف کررہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہو ں نے گزشتہ روز وزارت خارجہ میں این اے156 اوراین اے 157 کے نمائندہ وفد سے ملاقات کرتے ہوئے کیا۔ جس میں چودھری خضر حیات سندھو’ چودھری محمد شریف سندھو’ چودھری سعد احمد کھرل’ چودھری جاوید کھرل’ چودھری عبدالرحمن سنگھیڑا’ چودھری ناصر علی سندھو’ چودھری نصراللہ ناصر چٹھہ’ چودھری خلیل مان’چودھری عبدالکریم’ چودھری منور خالد سندھو’ ملک عمران ڈوگر’ چودھری فیض اور چودھری ولید سندھو شامل تھے۔ وزیر خارجہ نے کہا حکومت کو اس وقت کورونا کے ساتھ ٹڈی دل کے حملے کا بھی سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ جس کیلئے حکومت خاطر خواہ اقدامات کررہی ہے۔ انہوں نے کہا تحریک انصاف کی حکومت کو عوام نے ایک بھاری مینڈیٹ دیکر کامیاب کروایا ہے۔ عوام سے ہیں اور عوام کے مسائل کا پوری طرح سے ادراک ہے۔عوام دوست پالیسیاں بنا رہے ہیں جس کے دور رس اثرات مرتب ہونگے۔وزیراعظم پاکستان کے احسا س پروگرام’کنسٹریکشن انڈسٹری کیلئے پیکیج کا اعلان’حکومت کابے روز گار سکیم’ شیلٹر ہومز ہماری حکومت کے مثالی اقدامات ہیں۔ یہ وہ عوام دوست پالیسیاں ہیں جن کی بدولت عوامی ترقی کے ایک نئے دور کا آغاز ہوگا۔ انہو ں نے کہا ملتان این اے156 اور 157میں ترقیاتی کاموں کا آغاز کردیاگیا ہے۔ عوام سے الیکشن کے دوران جو بھی وعدے کئے تھے پورے کرینگے۔ انہوں نے کہا تحریک انصاف کی حکومت اپنی کارکردگی کی بدولت نہ صرف موجودہ مدت پوری کریگی بلکہ آنے والا وقت بھی تحریک انصاف کاہوگا۔این اے 156اور این اے 157 کے وفد نے وزیر خارجہ کو حلقے کے مسائل سے آگاہ کیا۔ جس پر وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے حل کرنے کی یقین دہانی کروائی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں