پشتون قوم اس خطے پر مزید جنگ برداشت نہیں کرے گی، اے این پی

پشاور (مانیٹرنگ ڈیسک ) خیبر پختونخوا کے دارالحکومت پشاور میں پولیس لائن مسجد دھماکے اور صوبے میں شدت پسندی کی لہر دوبارہ اٹھنے کے خلاف ’پشاور اولسی پاسون‘ (پشاور قومی تحریک) کی جانب سے مظاہرہ کیا گیا۔ مظاہرے میں عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی)، نیشنل ڈیموکریٹک موومنٹ، پشتون تحفظ موومنٹ سمیت مختلف سیاسی و سماجی تنظیموں کے قائدین نے شرکت کی۔ مقررین کا مطالبہ تھا کہ پشتون قوم اس خطے پر مزید جنگ برداشت نہیں کرے گی۔ مظاہرے میں پشاور سمیت دیگر اضلاع سے بھی شرکا شرکت کے لیے آئے جن میں زیادہ تعداد نوجوانوں کی دیکھی گئی۔ قبل ازیں سوات میں شدت پسندی کے بعد اولسی پاسون کی جانب سے مختلف علاقوں میں بڑے مظاہرے دیکھے گئے تھے جن میں عوام نے شدت پسندی کے نئے واقعات کی روک تھام کے لیے اقدامات اٹھانے کا مطالبہ کیا تھا۔ پشاور پریس کلب کے باہر مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنما میاں افتخار حسین کا کہنا تھا کہ، ہم نے بہت جنازے اٹھائے ہیں لیکن اب خطے کو مزید اس جنگ میں دھکیلنے سے بچائیں گے۔ ہم اس مٹی کی خاطر ہر قسم کی قربانی کو تیار ہیں۔ ہمارے بچوں کے قاتلوں کو جس نے بھی راستہ دیا ہے، وہ ہماری قوم کا دشمن ہے۔ میں نے اس مٹی کے لیے اپنے بیٹے کی قربانی دی ہے، ہم سب نے اس مٹی کی خاطر اٹھنا ہے اور اسے بچانا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں