ہماری عورتیں ملک کا سرمایہ نہیں سہارہ بھی ہیں، شیری رحمان
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)وفاقی وزیر برائے ماحولیاتی تبدیلی سینیٹر شیری رحمان نے کہا ہے کہ خواتین کے قومی دن کے موقع پر ملک کی تمام باہمت، محنتی اور بہادر خواتین کو خراج پیش کرتی ہوں۔ ملک کی 49 فیصد آبادی عورتوں پر مشتمل ہے، ہماری جرات مند عورتیں ہی پاکستان کی دستاویزی اور غیر دستاویزی معیشت کا پہیہ چلاتی ہیں۔ ہماری عورتیں ملک کا سرمایہ ہی نہیں سہارہ بھی ہیں۔ ان خیالات کااظہار شیری رحمان نے اتوار کے روز ٹوئٹر پر جاری اپنے بیان میں کیا۔ شیری رحمان کا کہنا تھا کہ لیڈی ہیلتھ ورکر ہو یا بینظیر انکم سپورٹ پروگرام، پیپلز پارٹی نے ہمیشہ عوامی اور انقلابی منصوبوں کا آغاز کیا ہے۔ اب سندھ حکومت کے پیپلز پاورٹی رڈکشن پروگرام کے ذریعے صوبے بھر کی خواتین ترقی کی نئی مثال قائم کر رہی ہیں۔ ہماری خواتین ایک خود کفیل معاشرے کی بنیاد ڈال رہی ہیں۔ شیری رحمان کا کہنا تھا کہ منصوبے کے تحت غریب خواتین کو اپنے کاروبار کیلئے بلا سود قرضہ فراہم کیا جا رہا ہے۔ انقلابی منصوبے کے ذریعے خواتین معاشی استحکام اور ترقی کو یقینی بنا رہی ہیں۔ 4سال سے جاری اس منصوبے سے 13 لاکھ خواتین مستفید ہو چکی ہیں جبکہ 80 ہزار سے زائد خاندان غربت کی لیکر سے اوپر آچکے ہیں۔اس کے ساتھ سندھ حکومت کے خواتین اور سماجی ترقی کے دیگر کئی منصوبے بھی جاری ہیں۔ ہم صرف "تبدیلی” کے نعرے اور بیانیہ نہیں بناتے بلکہ معاشرے کی ترقی کے انقلابی منصوبوں پر کام کرتے ہیں۔ معاشرے میں سماجی اور معاشی انقلاب صرف نعروں سے نہیں آتا، وژن اور کارکردگی سے آتا ہے ۔


