کوئٹہ سمیت بلوچستان بھر میں مہنگائی آسمان کو چھونے لگی، شہریوں کی قوت خرید جواب دے گئی
کوئٹہ (انتخاب نیوز) صوبائی دارالحکومت کوئٹہ سمیت بلوچستان کے مختلف علاقوں میں مہنگائی آسمان کی بلندیوں کو چھو رہی ہے کھانے پینے کی چیزوں سمیت مرغی کے گوشت کی قیمت میں 30 روپے فی کلو اضافے کے بعد 680 روپے سے 700 روپے فی کلو گوشت فروخت ہورہا ہے ۔ کوئٹہ اور دیگر نواحی علاقوں میں مرغی کے گوشت میں روزانہ 20 سے 30 روپے اضافہ ہورہا ہے بڑھتی ہوئی مہنگائی نے عوام کو نان شبینہ کا محتاج بنادیا ہے۔ مرغی کے گوشت میں اضافے کارجحان بڑھتا جارہا ہے ایک ہفتے کے دوران گوشت کی قیمت میں ڈیڑھ سو روپے فی کلو کا اضافہ ہوچکا ہے اور دکانوں پر خریداروں کا نہ ہونے کی وجہ سے دکاندار اور مرغی ڈیلرز مشکلات سے دو چار ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ بڑھتی ہوئی مہنگائی مرغیوں کی خوراک ، پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی وجہ سے ٹرانسپورٹ کے اخراجات میں بھی بہت اضافہ ہوچکا ہے جس کی وجہ سے شہریوں کی قوت خرید جواب دے چکی ہے اور شہری مہنگائی ستائے ہوئے ہیں جس طرح کھانے پینے کی چیزوں، سبزی ، آلو ، پیاز اور دیگر سبزیوں سمیت پھلوں کی قیمت میں ہوشربا اضافہ ہوچکا ہے۔ عوامی حلقوں نے پرائس کنٹرول کمیٹی ، ضلعی انتظامیہ اور علاقہ مجسٹریٹ سے اپیل کی ہے کہ گراں فروشی اور مہنگائی میں ملوث دکانداروں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے شہریوں کو پرائس کنٹرول کمیٹی کی جانب سے مقرر کردہ نرخوں کے مطابق اشیاخورونوش کی فراہمی یقینی بنائیں۔


