پیشی کے بغیر عمران کی ضمانت نہیں ہوگی، زیادہ مسئلہ ہے تو ایمبولینس میں آجائیں، لاہور ہائیکورٹ

لاہور (انتخاب نیوز) لاہور ہائیکورٹ نے حفاظتی ضمانت کیلئے سابق وزیراعظم عمران خان کو ایمبولینس میں لانے کا حکم دے دیا اور بغیر پیش ہوئے ضمانت دینے سے انکار کردیا۔ اسلام آباد کی انسداد تخریب کاری عدالت سے ضمانت مسترد ہونے کے بعد عمران خان کی حفاظتی ضمانت کی درخواست پر لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس طارق سلیم شیخ نے سماعت کی۔ سماعت کے دوران عمران خان کے وکیل نے کہا سکیورٹی کا مسئلہ ہوگا، اس پر جسٹس طارق سلیم شیخ نے ریمارکس دیے کہ پولیس بھیج کر بلوالیتے ہیں، قانون کے تحت حفاظتی ضمانت کیلئے ملزم کی عدالت پیشی لازمی ہے، آپ کہیں تو آئی جی پنجاب سے سکیورٹی کا کہہ دیتے ہیں۔ وکیل عمران خان نے کہا کہ میڈیکل رپورٹ کے مطابق چلنا پھرنا مشکل ہے، عمران خان متعلقہ عدالت میں پیش ہونا چاہتے ہیں، میڈیکل کے مطابق تین ہفتے تک عمران خان چل پھر نہیں سکتے لہٰذا میڈیکل گراو¿نڈ پرحفاظتی ضمانت دےدیں۔ عدالت نے استفسار کیا کہ حفاظتی ضمانت کا قانون کیا ہے؟حفاظتی ضمانت میں ملزم کی پیشی ضروری ہے، زیادہ مسئلہ ہے تو ایمبولینس میں آ جائیں، قانون سب کے لیے برابر ہے، اصولی طورپر مجھے یہ درخواست خارج کردینی چاہیے لیکن رعایت دے رہا ہوں۔ جسٹس طارق سلیم شیخ نے کہا کہ لانا ہے تو 8 بجے تک لے آئیں، میں دیر تک کام کرتا ہوں۔ بعد ازاں عدلت نے کیس کی سماعت کچھ دیر کے لیے ملتوی کردی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں