کراچی، مختلف ٹریفک حادثات میں 3 افراد جاں بحق

کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک)کراچی میں ٹریفک پولیس قوانین پر عمل درآمد کرانے میں ناکام ہے۔ جمعہ کی علی الصبح ایک گھنٹے کے دوران مختلف ٹریفک حادثات میں 3 افراد لقمہ اجل بن گئے۔کورنگی انڈسٹریل ایریا کے علاقے کراسنگ ندی کے قریب تیز رفتار گاڑی کی ٹکر سے موٹرسائیکل سوار 35 سالہ شخص جاں بحق ہوگیا۔پولیس کے مطابق متوفی کے پاس سے ایسی کوئی چیز نہیں ملی جس سے اس کی شناخت کی جا سکے۔ پولیس نے ضابطے کی کارروائی کے بعد لاش شناخت ورثا کے لیے سردخانے میں رکھوا دی ۔ڈاکس کے علاقے کیماڑی نیٹی جیٹی چورنگی کے قریب تیز رفتار گاڑی کی ٹکر سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا ۔ پولیس کے مطابق متوفی کی شناخت 44 سالہ منصف خان ولد یوسف خان کے نام سے کی گئی ، جو کیماڑی کا رہائشی تھا ۔سول لائن تھانے کی حدود پی آئی ڈی سی پل پر تیز رفتار گاڑی کی ٹکر سے موٹرسائیکل سوار جاں بحق اور ایک زخمی ہوگیا ۔متوفی کی شناخت 24 سالہ مدثر احمد ولد جہانگیر کے نام سے جب کہ زخمی کی شناخت 24 سالہ ابرار ولد رحیم بخش کے نام سے کی گئی۔متوفی ہجرت کالونی کا رہائشی تھا ۔ شہر میں قوانین پر عمل درآمد کروانے میں ٹریفک پولیس کی ناکامی کے باعث حادثات میں قیمتی جانوں کا ضیاع معمول بن چکا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں