بھائی جیلیں بعد میں بھرنا، ٹانگ کا پلستر نہ ہوگیا پشاور کی بی آر ٹی ہوگئی، مریم نواز
راولپنڈی (انتخاب نیوز) مسلم لیگ (ن) کی چیف آرگنائزر مریم نواز نے کہا ہے کہ ملک کو ایمان دار ججز کی ضرورت ہے عمران دار ججز کی نہیں، جسٹس مظاہر نقوی میں اتنی اخلاقی جرات نہیں کہ استعفی دیں، میں عدلیہ کی بات نہیں فیض کے چیلوں کی بات کررہی ہوں۔ راولپنڈی میں مسلم لیگ (ن) کے تنظیمی کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ الیکشن میں معلوم ہوگا کہ مسلم لیگ ن کے پاس نوجوانوں کی فوج ہے، عمران خان سے پہلے جب نواز شریف تھا تو کیا مہنگائی تھی؟ غریب پیٹ کر سوتا تھا لیکن جب سے عمران خان آیا مہنگائی جان نہیں چھوڑ رہی، ان شاءاللہ عمران اور مہنگائی دونوں کو اٹھا کر باہر پھینکیں گے۔ انہوں نے کہا کہ کیا عمران خان کو آئی ایم ایف کے سامنے نہیں لانا چاہیے تھا؟ لیکن وہ بنکر میں بیٹھ گیا، شہباز شریف عمران خان کی بچھائی ہوئی بارودی سرنگیں دور کررہے ہیں، ن لیگ ملک کو ٹھیک نہ کرسکی تو کوئی جماعت نہیں کرسکتی۔ مریم نواز نے کہا کہ جنرل فیض اسٹیبلشمنٹ کے کندھوں کو تلاش کررہا ہے، پرویزالٰہی کی آڈیو سب نے سنی ہے، ملک کو ایماندار ججز کی ضرورت ہے، عمران دار ججز کی نہیں، نام آئے کتنے دن گزر گئے، لیکن جسٹس مظاہر نقوی میں اتنی اخلاقی جرات نہیں کہ استعفی دیں، کیا نہیں دینا چاہیے؟ میں عدلیہ کی بات نہیں فیض کے چیلوں کی بات کررہی ہوں، تاریخ میں ایسے ججز کا نام بابا زحمت کی طرح آئے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ آڈیوز تمہاری لیک ہورہی ہیں اور کہتا ہے عدلیہ کیخلاف مہم مسلم لیگ ن چلا رہی ہے، عدالت بلاتی ہے لیکن پانچ ماہ ہوگئے ٹانگ کا پلستر ہی نہیں اتر رہا جبکہ میں نے نواز شریف کا ہاتھ پکڑ کر پیشیاں بھگتیں، کیا عدلیہ میں سہولت کاری نواز کو حاصل تھی؟ مریم نواز نے کہا کہ عمران خان لوگوں کو کہتا جیلوں بھرو اور خود ڈوگر کو کہتا رات پولیس پکڑنے تو نہیں آرہی؟ رات آسانی سے گزر تو جائے گی ناں؟ راولپنڈی والوں کیا بزدل پاکستان قوم کا لیڈر ہوسکتا ہے؟ گرفتاری دینے کے لیے شیر کا دل چاہیے، بزدل خان مسلم لیگ ن کی ایک خاتون کا بھی مقابلہ نہیں کرسکتے ان کی ٹانگ کا پلستر نہ ہوگیا پشاور کی بی آر ٹی ہوگئی، بھائی جیلیں بعد میں بھرنا، وہ جو دو دو دن جیل کاٹ کر روتے ہیں پہلے انہیں تو چپ کرالو۔ انہوں نے کہا کہ کیا مسلم لیگ ن نے جیلیں نہیں کاٹیں؟ بیٹی کو والد کے سامنے گرفتار کیا گیا، عمران خان تم ڈر کر بنکر میں بیٹھے ہو جس دن رانا ثناءاللہ نے گرفتار کرنے کا فیصلہ کرلیا تو تم کو بچانے والا کوئی نہیں ہوگا مگر ہم کسی سے انتقام نہیں لینا چاہتے۔


