عمران خان کی رہائش گاہ کے باہر پی ٹی آئی کارکنوں اور پولیس کے درمیان تلخ کلامی

لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک)لاہور کے علاقے زمان پارک میں عمران خان کی رہائش گاہ کے باہر تحریک انصاف کے کارکنوں اور پولیس کے درمیان تلخ کلامی ہوئی ہے۔سابق وزیر اعظم عمران خان وزیر آباد میں فائرنگ کے واقعہ کے بعد سے لاہور کے علاقے زمان پارک میں اپنے آبائی گھر میں رہائش پذیر ہیں۔عمران خان کے گھر کے باہر پولیس اور تحریک انصاف کے کارکنوں کی بڑی تعداد ہر وقت موجود رہتی ہے اور سکیورٹی کلیئرنس کے بغیر کسی کو بھی اندر جانے نہیں دیا جاتا۔پی ٹی آئی کے ایک کارکن نے گھر کے اندر سے اجازت اور چیکنگ کے بغیر گاڑی اندر لے جانے کی کوشش کی تو وہاں موجود پولیس اہلکاروں نے اسے روک دیا۔موقع پرموجود پولیس افسرنے کلئیرنس تک بغیرنمبرپلیٹ گاڑی اندرجانے دینے سے انکار کردیاجس پر وہاں موجود پی ٹی آئی کارکن مشتعل ہوگئے، انہوں نے پولیس سے تلخ کلامی شروع کردی۔ پولیس نے کہا کہ بغیرنمبرپلیٹ گاڑی کو گھر کے اندر سے اجازت اورمکمل چیکنگ کے بغیر نہیں جانے دے سکتے۔اسی دوران زمان پارک کے باہرتحریک انصاف کے کارکنوں اورپولیس کے درمیان تلخ کلامی ہوگئی اور معاملہ ہاتھا پائی تک جاپہنچا، پی ٹی آئی کارکنوں نے پولیس افسران کو مارنے کی کوشش کی لیکن اس موقع پر وہاں موجود دیگر لوگوں نے بیچ بچا ئوکرایا۔عمران خان کی رہائش گاہ سے اجازت ملنے پر گاڑی کو اندر جانے دیا گیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں