صوبائی حکومت حق دو تحریک کیخلاف درج مقدمات واپس لے ،جماعت اسلامی
گوادر (بیورو رپورٹ) جماعت اسلامی کی وکلاءتنظیم اسلامک لائیرز مومنٹ کا 6 رکنی وفد جماعت اسلامی کے مرکزی نائب امیر ایڈووکیٹ اسداللہ بھٹو کی قیادت میں گوادر دورے پر پہنچ گیا۔ اپنے دورے کے دوران وکلا کی وفد نے گزشتہ دنوں مقامی ہوٹل میں گوادر بارایسوسی ایشن کے رہنماو¿ں۔ میونسپل کمیٹی کے چیئرمین و کونسلران سمیت حق دو تحریک اور جماعت اسلامی کے ذمہ داران سے بھی ملاقات کی۔ اس موقع پر جماعت اسلامی کے مرکزی نائب امیر ایڈووکیٹ اسداللہ بھٹو نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ گوادر کے اندر جو حق دو تحریک چلائی گئی انکے مطالبات بنیادی اور عوامی و جائز مطالبات ہیں اور گوادر کے شہریوں مرد۔ عورتوں اور بچوں نے بلا تفریق گھروں سے نکل کر آواز اٹھائی وہ جمہوریت ہے۔ حق دو تحریک کو ایک لمبے عرصے تک جمہوری انداز میں چلایاگیا۔کسی سرکاری املاک یا شخص کو کسی قسم کا کوئی نقصان بھی نہیں پہنچایا گیا جبکہ وزیراعلیٰ بلوچستان نے حق دو تحریک کے مطالبات بھی تسلیم کئے اور ان سے تحریری معاہدہ بھی کیا گیا لیکن حکومت کی جانب سے معاہدات پر عملدرآمد نہ ہونے کے سبب حق دو تحریک کی جانب سے دوبارہ دھرنا دیا گیا اور انکا یہ احتجاج روزگار۔ غیر ضروری چیک پوسٹوں۔غیر قانونی ٹرالنگ۔ بجلی و صحت کے لیے تھا جو کہ ایک جمہوری احتجاج تھا لیکن حکومت نے معاہدے پر عملدرآمد کرنے کے بجائے دھرنا پر دھاوا بول کر ان پر تشدد کیا کارکنان کو گرفتار کرکے انکے خلاف جھوٹی مقدمات بنائے ہیں اور گوادر کے وکلا کا شکریہ جنہوں نے بہترین انداز میں اپنا کردار سرانجام دے کر متعدد ضمانتیں کروائی ہیں۔ انھوں نے کہاکہ ہم حق دو تحریک کی اس جدوجہد کی بھرپور حمایت کرتے ہیں اور آئندہ بھی انکا ہر ممکن ساتھ دینگے۔ حق دو تحریک کے کارکنان کی حمایت میں پورے پاکستان میں حق دو تحریک کی حمایت میں احتجاج بھی ہوا۔ انہوں نے کہاکہ حکومت بجائے طاقت اور تصادم پالیسی اختیار کرنے کے اگر انکے مسائل حل کرتے تو بہتر رہتا لیکن حکومت نے ان پر تشدد کرکے جھوٹے ایف آئی آر اور مقدمات بنوائے ہیں لہٰذا ہمارا مطالبہ ہے کہ حکومت حق دو تحریک کے کارکنان کیخلاف بنائیں گے جھوٹے ایف آئی آر اور مقدمات کو واپس لے لیں۔ انھوں نے کہاکہ میونسپل کمیٹی کے چیئرمین و کونسلران عوامی طاقت سے منتخب ہوئے ہیں لیکن میونسپل کمیٹی کے تمام اختیارات گوادر ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے پاس ہیں لہٰذا ہمارا مطالبہ ہیں کہ گوادر ڈویلپمنٹ اتھارٹی کو جو اختیارات دیئے گئے ہیں انکو واپس میونسپل کمیٹی کو دیئے جائیں تاکہ گوادر شہر میں بہتر انداز سے ترقیاتی کام ہوسکے۔ وکلا کی وفد میں آئی ایل ایم سندھ کے جنرل سکریٹری نجم الحسن ایڈووکیٹ۔ اور ممبران عاشق دامرا ایڈووکیٹ۔ ہدایت اللہ ایڈووکیٹ۔ سید اختر حسین ایڈووکیٹ اور عبدالصمد ایڈووکیٹ شامل تھے جبکہ اس موقع پر چیئرمین میونسپل کمیٹی شریف میانداد۔ گوادر بارایسوسی ایشن کے صدر معراج علی ایڈووکیٹ۔ سعید فیض ایڈووکیٹ۔ محمد صدیق زامرانی ایڈووکیٹ۔ راشد علی ایڈووکیٹ۔ جماعت اسلامی ضلع گوادر کے امیر ماسٹر عبدالمجید۔ الخدمت فاو¿نڈیشن کے نادل علی صالح۔ کونسلران شکیل کے ڈی اور مولانا لیاقت بلوچ سمیت دیگر بھی موجود تھے۔


