یونان، ٹرینوں کے حادثے میں ہلاکتوں کی تعداد 36 ہوگئی، 80 سے زائد زخمی

ایتھنز (مانیٹرنگ ڈیسک) یونان میں ہونے والے ٹرینوں کے حادثے میں ہلاکتوں کی تعداد 36 ہوگئی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق یونانی شہرلاریسا میں دو ٹرینوں کے درمیان ہونے والے تصادم کے بعد جائے حادثہ پر امدادی کارروائیاں جاری ہیں جبکہ حکام نے اب تک حادثے میں 36 افراد کے ہلاک ہونے کی تصدیق کی ہے۔ ایتھنز سے شمالی شہر تھیسالونیکی جانے والی مسافر ٹرین سامنے سے آنے والی کارگو ٹرین سے ٹکرائی جس کے نتیجے میں ٹرینوں میں آگ لگ گئی، حادثے کے بعد ٹرین میں سوار مسافروں نے کھڑکیوں کے شیشے توڑکر چھلانگ گئی۔ مقامی حکام کا کہنا ہے کہ حادثے میں 80 سے زائد افراد زخمی ہیں جنہیں اسپتالوں میں طبی امداد دی جارہی ہے۔ مسافروں کا کہنا ہے کہ ٹرین انتہائی تیز رفتاری سے چل رہی تھی اور ڈرائیور کو اسی ٹریک پر سامنے سے آنے والی ٹرین کا علم نہیں تھا، ٹرین میں تقریباً 250 مسافر سوار تھے جن میں سے زیادہ تر کو معمولی چوٹیں آئی ہیں، حادثے کے بعد تمام مسافروں نے اپنی مدد آپ کے تحت جان بچائی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں