لائبریری پر اوباش جتھوں کا حملہ علم، شعور اور اجتماعی دانش پر حملہ ہے، انتظامیہ ملزمان کو پکڑے، نیشنل پارٹی

کوئٹہ (انتخاب نیوز) نیشنل پارٹی کوئٹہ کے ضلعی ترجمان نے اپنے جاری کردہ بیان میں سریاب لوہڑ کاریز لائبریری پر اوباش جتھے کے حملے کو افسوسناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ لائبریریاں علم اور دانش کی درسگاہیں ہیں، جہاں سے اجتماعی شعور اور دانش کی آبیاری ہوتی ہے، جو سماج میں تبدیلی کا پیش خیمہ بنتے ہیں۔ سریاب سمیت بلوچستان کے ہر گلی میں لائبریری ایک خواب ہے ہے مگر بدقسمتی سے دانستہ طور پر بلوچستان کو تعلیمی لحاظ سے پسماندہ رکھا گیا ہے جس کی وجہ سے درسگاہوں کی کمی اور معیاری تعلیم ایک سراب سے کم نہیں۔ آج نہایت افسوس کے ساتھ کہنا پڑتا ہے کہ موجودہ لائبریریاں بھی محفوظ نہیں، سریاب لوہڑ کاریز میں لائبریری کے قیام نے علاقے میں ایک مثبت اثر چھوڑا ہے اس سے قبل لوہڑکاریز کا علاقہ منشیات اور ڈرگ مافیا کی وجہ سے بدنام زد عام تھا۔ اس اہم لائبریری پر ایسے موقع پر اوباش جتھوں کے ذریعے حملہ کرایا گیا، تھوڑ پھوڑ کی گئی اور لائبریری انتظامیہ کو زدو کوب کیا گیا کہ جب سریاب میں لٹریچر فیسٹیول کی تیاریاں زور و شور سے جاری ہیں، نیشنل پارٹی اس حملے کو شعور اور اجتماعی دانش پر حملہ سمجھتی ہے، چناچہ ہم پولیس اور انتظامیہ سے مطالبہ کرتے ہیں کہ اس حملے کے پیچھے محرکات کو سامنے لاکر حملے میں ملوث ملزمان کو فوری طور پر گرفتار کیا جائے اور مستقبل میں لائبریری کے تحفظ کا بندوبست کیا جائے۔ نیشنل پارٹی لائبریری انتظامیہ اور سریاب لٹریچر فیسٹیول کی بھرپور حمایت کرتی اور لائبریری انتظامیہ سے مکمل یکجہتی کا اظہار کرتی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں