پی ٹی آئی کا ایک اور رہنما کورونا وائرس کا شکار

لاہور: (انتخاب نیوز)تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک کے انصاف کے ایک اور رہنما ابرار الحق میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی ہے جس کے بعد انہوں نے اپنے آپ کو گھر میں قرنطینہ کر لیا ہے۔ گزشتہ کچھ دنوں سے کورونا وائرس ملک بھر میں تیزی سے پھیل رہا ہے اور کئی نامور شخصیات وائرس کا شکار ہوئی ہیں جس سے کورونا وائرس کے پھیلنے کا اندازہ لگایا جا سکتا ہے۔ پی ٹی آئی کے رہنما اور سماجی کارکن ابرار الحق نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر میں کہا کہ میرا ٹیسٹ مثبت آیا ہے، جس کے بعد میں نے خود کو گھر میں قرنطینہ کر لیا ہے۔ ابرار الحق نے عوام سے کورونا سے متاثرہ افراد کےلیے دعا کی اپیل کی ہے۔ ابرار الحق سمیت کئی دیگر سیاسی شخصیات میں کورونا کی تصدیق ہو چکی ہے جن میں اس سے پہلے سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر، گورنر سندھ عمران اسماعیل، اے این پی کے رہنما غلام احمد بلور، پی ٹی ایم کے رہنما علی وزیر اور منظور پشتین سمیت متعدد دیگر شامل ہیں۔ ابرار الحق نے اپنی ٹویٹ میں کہا کہ انشا اللہ میں سکائپ کے ذریعے ریڈ کریسنٹ اور سہارا ورکر کی حیثیت سے اپنے فرائض سر انجام دوں گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ برائے مہربانی میرے اور ان سب کیلئے دعا کریں۔خیال رہے کہ اس سے قبل انہوں نے اپنی ٹویٹ میں بتایا تھا کہ انھیں گزشتہ رات سے بخار اور خشک کھانسی کی شکایت ہے لیکن امید کرتا ہوں کہ میں کورونا سے متاثر نہیں ہوں تاہم گورنر پنجاب چودھری سرور سمیت تمام لوگ جو میرے ساتھ رابطے میں رہے، ان سے درخواست ہے کہ وہ احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں