پاکستان اور امریکا کے درمیان دو روزہ انسداد تخریب کاری مذاکرات کا اختتام
اسلام آباد (این این آئی) امریکا پاکستان انسداد تخریب کاری ڈائیلاگ کا اختتام، امریکی اور پاکستانی حکام نے 6 مارچ کو انسداد تخریب کاری ڈائیلاگ شروع کیے تھے۔امریکی سفارتخانے سے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق دو روزہ اجلاس کی صدارت امریکی محکمہ خارجہ کے قائم مقام کوآرڈینیٹر نے کی۔ پاکستانی وفد کی قیادت وزارت خارجہ کے ایڈیشنل سیکرٹری برائے اقوام متحدہ نے کی۔ڈائیلاگ نے پاکستان اور خطے میں انسداد تخریب کاری کے منظرنامے پر بات کا موقع دیا۔ان شعبوں پر توجہ رہی جہاں امریکا اور پاکستان علاقائی اور عالمی خطرات کا مقابلہ کرسکتے ہیں۔ پاک امریکا ڈائیلاگ میں تعاون بہتر بنانے کیلئے بہتر رابطہ کاری پر اتفاق کیا گیا، انتہاپسندی کی روک تھام اور تخریب کاری سے نمٹنے کیلئے بہتر تعاون پر اتفاق ہوا۔امریکی سفارتخانہ کے مطابق انسداد تخریب کاری ڈائیلاگ امریکا اور پاکستان کے گہرے تعاون کی نشاندہی کرتا ہے۔


