قلات میں بجلی کی 16 گھنٹے طویل لوڈشیڈنگ، مشتعل عوام نے احتجاجاً شاہراہ بند کردی
قلات : قلات میں بجلی کی طویل سولہ گھنٹوں کی لو ڈ شیڈنگ سے لوگوں کا پارہ ہائی ہوگیا بلوچستان نیشنل پارٹی کی اپیل پر مشتعل ہجوم نے واپڈا گریڈ کے سامنے شاہراہ پر رکاوٹیں ڈال کر شاہراہ بلاک کردیا واپڈا گریڈ کی حفاظت کے لئے انتظامیہ کی دوڑیں لگ گئی۔ تفصیلات کے مطابق چند روز قبل قلات میں زرعی فیڈرز پر بجلی طویل بائیس گھنٹوں کی لوڈ شیڈنگ پر قلات کے زمینداروں نے کیسکو کے خلاف شاہراہ بلاک کی جس پر کیسکو نے سٹی فیڈرز کی بجلی کو کٹ کر کے بجلی کی لو ڈ شیڈنگ کو بارہ گھنٹوں سے بڑھا کر سولہ گھنٹوں کر دیئے جس پر قلات کے شہریوں کا پارہ ہائی ہوگیا اور شہریوں نے واپڈا گرڈ کے سامنے شاہراہ پر روکاوٹیں ڈال کر شاہراہ بلاک کر دی۔ احتجاج کی اپیل بلوچستان نیشنل پارٹی نے کی تھی۔ احتجاجی مظاہرے کی قیادت بی این پی کے ضلعی آرگنائزر آغا قلندر احمدزئی نے کی، شہریوں کا کہنا تھا کیسکو کی جانب سے غیر علانیہ سولہ گھنٹوں کی لوڈ شیڈنگ کی جارہی ہے جس سے شہر میں پانی کی قلت کے ساتھ ساتھ کاروبار زندگی بری طرح متاثر ہوگئے، بجلی کی طویل لوڈ شیڈ نگ سے کاروباری مراکز کے بند ہونے سے سینکڑوں لوگ بے روزگار ہوگئے ہیں۔ دوسری جانب شاہراہ کی بندش سے گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں اور سینکڑوں مسافر پھنس گئے، قلات انتظامیہ نے گرڈ کی حفاظت کے لئے پولیس اور لیویز اور کی بھاری نفری تعینات کر دیا۔


