ہرنائی کا امن سازش کے تحت تباہ کیا جارہا ہے، حکومت عوام کو تحفظ اور سہولیات دے، آل پارٹیز

ہرنائی (آن لائن) آل پارٹیز ایکشن کمیٹی ہرنائی کے زیر اہتمام ضلع ہرنائی میں امن وامان کی مخدوش صورتحال، چوریوں، ڈکتیوں اور معصوم لوگوں کو تخریب کاری کانشانہ بنانے کیخلاف احتجاجی ریلی۔ و مظاہرہ عوام نے کثیرتعداد میں شرکت کی احتجاجی ریلی کی قیادت ایکشن کمیٹی کے چیئرمین صدام خان ترین نے کی۔ ریلی مختلف شاہراہوں سے ہوتی ہوئی کجو ماما چوک پر جلسے کی شکل اختیار کرگئی۔ ایکشن کمیٹی کے چیئرمین صدام ترین، یوسف شاہ، حاجی دوران خان ودیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ہرنائی کے امن کو سازش کے تحت خراب کرنے کی کوشش کی جارہی ہے، ہرنائی میں بے گناہ معصوم لوگوں کو تخریب کاری کانشانہ بنایا جارہا ہے۔ چوری، ڈکیتی، بھتہ گیری اور بے امنی پھیلائی جارہی ہے جس سے علاقے میں شدید بے چینی پھیلی ہوئی ہے۔ ہرنائی کی مخدوش صورتحال عوام کے جان و مال کو تحفظ کرنے والے تمام اداروں کےلئے سوالیہ نشان ہے۔ انہوں نے کہا کہ ضلع ہرنائی بے امنی کے ساتھ ساتھ تمام بنیادی حقوق سے محروم ہے، تعلیمی اداروں سے لیکر ہسپتالوں تک ہر لحاظ سے ہمارا ضلع محروم ہے، منظور شدہ شاہراہوں پر سازش کے تحت تعمیراتی کام بند کیا گیا ہے، پچھلے دو مہینوں سے شہر سمیت یونین کونسلز بجلی کی فر اہمی سے محروم ہیں، ہم قید و بند سے گھبرانے والے نہیں، سازشی طور پر چوریاں کروائی گئی ہیں اگر چوروں، تخریب کاروں کو گرفتار نہ کیا گیا تو بھرپور احتجاج کیا جائیگا۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ ہرنائی میں امن و امان قائم کرکے ضلع میں بنیادی سہولیات فراہم کی جائیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں