بلوچستان میں ٹڈی دل کے پیش نظر محکمہ زراعت میں ایمرجنسی نافذ

کوئٹہ:بلوچستان کے سیکرٹری زراعت قمبر دشتی نے کہا ہے کہ صوبے کے 31اضلاع ٹڈی دل کی لپیٹ میں آچکے ہیں، موجودہ صورتحال کے پیش نظر محکمہ زراعت میں ایمرجنسی لگا دی گئی ہے،ٹڈی دل کو تلف کرنے کیلئے صوبے میں محکمہ زراعت کی 181ٹیمیں کام کررہی ہیں،دس اضلاع میں فضائی اسپرے کیلئے این ڈی ایم اے سے جہاز مانگا ہے،یہ بات انہوں نے نجی ٹی وی سے بات چیت کرتے ہوئے کہی،سیکرٹری زراعت قمبر دشتی نے بتایا کہ بلوچستان میں گزشتہ سال ایران اور انڈیا سے انے والی ٹڈی دل نے یہاں فصلوں کو نقصان پہنچانے کے ساتھ ساتھ انڈے بھی دئیے تھے،بارشوں کے بعد اب ان کی افزائش بھی ہوئی،انہوں نے بتایا کہ روان سال انیس مارچ کو ایران سے ٹڈی دل کا ایک اور لشکر بلوچستان میں داخل ہوا جو اب صوبے کے 31اضلاع تک پہنچ گیا ہے،،قمبر دشتی نے بتایا کہ صوبائی حکومت اور محکمہ زراعت کی ٹیمیں ٹڈی دل کو تلف کرنے اورصوبے میں زرعی علاقوں میں باغات اور فصلوں کو بچانے کیلئے ہرممکن کوششیں کررہی ہیں،انہوں نے بتایا کہ سروے کے بعد زرعی ٹیمیں نے تقریبا تین میں سے ایک حصے پر موجود ٹڈی دل کو تلف کرچکی ہیں،قمبر دشتی نے بتایا کہ ٹڈی دل کے حملے سے ہونے والے نقصانات کا سروے جاری ہے جس میں کچھ وقت لگ سکتا ہے،انہوں نے کہا کہ بین الصوبائی سرحدی علاقوں میں ٹڈی دل کے خلاف مشترکہ کاروائی کیلئے بلوچستان حکومت کا دیگر صوبوں سے رابطہ ہے،سیکرٹری زراعت نے بتایا کہ ٹڈی دل تلف کرنے والی ادویات خریدنے کیلئے این ڈی ایم اے اور صوبائی حکومت کی جانب سے فنڈز مہیا کردئیے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں