آئی ایم ایف کی شرائط تسلیم کرنے کے اثرات قوم پر پڑ رہے ہیں، وزیراعظم شہباز شریف

اسلام آباد (انتخاب نیوز) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ آئی ایم ایف نے مذاکرات کے دوران سیاسی عدم استحکام کا ذکر نہیں کیا، مجھے امید ہے کہ جلد اسٹاف لیول معاہدہ طے ہوجائے گا۔ وزیراعظم نے کہا کہ آج وزیراعظم ہاﺅس میں ہماری نشست ایسے حالات میں ہورہی ہے جب پاکستان معاشی اور سیاسی طورپر بڑے چیلنجز سے گزر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس صورتحال سے نمٹنے کے لیے موجودہ حکومت کی کوشش آپ کے سامنے ہے اس لیے اس بارے میں زیادہ بات نہیں کروں گا لیکن یہ ضرور کہوں گا کہ تمام کاوشیں بروئے کار لائی جارہی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ الحمداللہ دیوالیہ پن کا خوف ختم ہوچکا ہے لیکن آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدہ کرنے کے لیے ہمیں ایسی شرائط تسلیم کرنا پڑرہی ہیں جس کے اثرات یقیناً عوام پر پڑ رہے ہیں اور پڑتے رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پچھلی حکومت نے آئی ایم ایف کی جو شرائط تسلیم کی تھیں انہیں آئی ایم ایف نے ہمیں من و عن تسلیم کرنے کا کہا ہے، اس کا باقاعدہ جائزہ بھی لیا گیا ہے، اس لیے ہمیں یہ شرائط ماننی پڑی ہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ آئی ایم ایف نے مذاکرات کے دوران سیاسی عدم استحکام کا ذکر نہیں کیا، مجھے امید ہے کہ آئی ایم ایف کے ساتھ جلد اسٹاف لیول معاہدہ ہوجائے گا اور پھر یہ معاملہ آئی ایم ایف بورڈ کے پاس جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ بہت سے لوگوں کا یہ تاثر تھا کہ شہباز شریف اتحادی حکومت نہیں چلا پائے گا لیکن ہم آگے بڑھ رہے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں