پی ٹی آئی قلعہ عبداللہ کے کارکنوں کا احتجاج، دوسرے روز بھی کوئٹہ چمن شاہراہ بند
قلعہ عبداللہ (این این آئی)پاکستان تحریک انصاف قلعہ عبداللہ کے کارکنوں نے بدھ کو دوسرے روزی بھی پارٹی چیئرمین عمران خان کی ممکنہ گرفتاری اور زمان پارک میں پی ٹی آئی کے کارکنوں پر لاٹھی چارج اور گرفتاریوں کے خلاف قلعہ عبداللہ کے مقام پراحتجاجاً کوئٹہ چمن شاہراہ کو رکاوٹیں کھڑی کرکے ہرقسم کی آمدورفت کیلئے بند کردیا جس کی وجہ سے سڑک کے دونوں جانب گاڑیوں کی لمبی لمبی لائنیں لگ گئیں۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف قلعہ عبداللہ کے قائم مقام صدر ذاکر خان ترین ،جنرل سیکرٹری محمدعارف کاکڑ،جوائنٹ سیکرٹری جمعہ خان کاکڑ ،نذیر خان حبیب زئی ، نعمت خان ، ہارون خان ،باری اچکزئی ،تحصیل گلستان کے صدر علی احمد خان کی قیادت میں پی ٹی آئی کے کارکنوں نے قلعہ عبداللہ کے مقام پر پارٹی کے چیئرمین عمران خان کی ممکنہ گرفتاری کے خلاف دوسرے روز بھی کوئٹہ چمن بین الاقوامی شاہراہ کو ہرقسم کی آمدورفت کیلئے بند کردیا جس کی وجہ سے سڑک کے دونوں جانب گاڑیوں کی لمبی لمبی قطاریں لگ گئیں۔مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے ذاکر خان ترین نے کہا کہ پی ڈی ایم اورامپورٹڈ حکمران پی ٹی آئی کے قائدین کے خلاف انتقامی کارروائیوں پراتر آئے ہیں جسکا واضح ثبوت زمان پارک لاہور پر پولیس کا دھاوا ہے ۔انہوں نے کہا کہ امپورٹڈ حکمران ایک سوچے سمجھے منصوبے کے تحت حالات خراب کرنے کی کوششوں میں مصروف ہیں انہوں نے کہا کہ عمران خان ہماری ریڈ لائن ہیں جنہیں گرفتار کرنے کی پی ٹی آئی کے کارکن کسی صورت اجازت نہیں دیں گے۔


