سینٹ کی گولڈن جوبلی، اسٹیٹ بینک نے 50روپے کا یادگاری سکہ جاری کر دیا
کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک)پاکستان سینٹ کی گولڈن جوبلی کے موقع پر اسٹیٹ بینک نے 50روپے کا یادگاری سکہ جاری کر دیا۔اسٹیٹ بینک کی جانب سے جاری کیے گئےاعلامیہ کے مطابق پاکستان کی سینٹ یا ایوان بالا پاکستان جو آئینی طور پر ہاؤس آف فیڈریشن ہے، پاکستان کی دو ایوانوں پر مشتمل پارلیمنٹ کی قانون سازی کا بالائی چیمبر ہے۔ سینٹ آف پاکستان میں پاکستان کے تمام صوبوں کو مساویانہ نمائندگی دی گئی ہے، یہ ایک مستقل ایوان ہے جو قومی امور کے پروسیس میں تسلسل کی علامت ہے۔ سال 2023ء پاکستان کے سینٹ کی گولڈن جوبلی کا سال ہے۔ اس خصوصی موقع کی مناسبت سے وفاقی حکومت نے اسٹیٹ بینک آف پاکستان کو 50 روپے کا یادگاری سکہ جاری کرنے کی اجازت دی ہے۔ یہ یادگاری سکہ 17 مارچ 2023ء سے ایس بی پی بینکنگ سروسز کارپوریشن کے فیلڈ دفاتر کے تمام تبادلہ کاؤنٹرز سے جاری کیا جائے گا۔ سکے کی شکل گول ہے جسے 30.0 ملی میٹر سمت کے ساتھ نقش کیا گیا ہے، اس کا وزن 13.5 گرام اور یہ تانبے اور نکل کے دھاتی اجزا ( تانبا 75 فیصد اور نکل 25 فیصد) پرمشتمل ہے۔ سکے کے سامنے کے رخ کے درمیان میں بڑھتا ہوا ہلالی چاند اور پانچ نوکوں پر مشتمل ستارہ دیا گیا ہے جس کا رخ شمال مغرب کی طرف ہے۔ سکے کے دائرے کے ساتھ چاند ستارے کے اوپر ’’ اسلامی جمہوریہ پاکستان ‘‘ کے الفاظ اردو اسکرپٹ میں کندہ کیے گئے ہیں۔ چاند کے نیچے اور گندم کی اوپر کو اٹھتی ہوئی دو شاخوں کے اوپر سکے کے اجرا کا سال 2023 تحریر ہے۔ سکے کی ظاہری مالیت ’50‘ابھرے ہوئے اعداد میں اور ’روپیہ ‘ اردو اسکرپٹ میں بالترتیب چاند ستارے کے دائیں اور بائیں جانب تحریر کیے گئے ہیں۔ سکے کی پچھلی طرف اور سکے کے مرکز میں پاکستان کی سینٹ کے امتیازی نشان کو 50 کے فنکارانہ عددی الفاظ کے ساتھ دیا گیا ہے جو اس کے دائیں جانب ہے۔ اس امتیازی نشان کے اوپر دائرے کے ساتھ اردو اسکرپٹ میں ’’ پاکستان سینٹ گولڈن جوبلی‘‘ کے الفاظ کندہ ہیں۔ سینٹ کے امتیازی نشان کے نیچے گولڈن جوبلی کی مدت (1973-2023) درج ہے۔


