کوئٹہ، ہزارہ ٹاﺅن میں میڈیکل اسٹور سے بھاری مقدار میں نشہ آور ادویہ برآمد، اسٹور سیل، مالک گرفتار

کوئٹہ (انتخاب نیوز) اسسٹنٹ کمشنر سٹی کا ہزارہ ٹاﺅن کے میڈیکل اسٹور پر چھاپہ، بھاری مقدار میں نشہ آور ادویہ قبضے میں لے لیں۔ اسسٹنٹ کمشنر سٹی کوئٹہ عطاءالمنعم نے ہزارہ ٹاﺅن میں ایک میڈیکل اسٹور پر چھاپہ مارکر نوجوان کو نشہ آور گولیاں فروخت کرنے پر میڈیکل اسٹور کے مالک کو گرفتار اور اسٹور سیل کردیا۔ کارروائی میں اسٹور سے نشہ آور گولیوں کے 1800پیکٹ برآمد کرکے قبضے میں لے لیا گیا ہے، اس حوالے سے گرفتار شخص کے خلاف بروری تھانہ مزید کارروائی کررہی ہے۔ واضح رہے کہ عوام کی جانب سے ڈپٹی کمشنر آفس میں شکایت کی گئی تھی کہ مذکورہ میڈیکل اسٹور نوجوان نسل میں نشہ کی لت میں مبتلا کرنے کے لیے ایک خاص قسم کی گولی فروخت کررہا ہے جونوجوان نسل بڑی تیزی سے استعمال کررہی ہے، متعدد افراد جن میں زیادہ تر تعداد نوجوانوں کی ہے وہ اس نشہ میں مبتلا ہیں اور اس کا عادی افراد میں روز بروز اضافہ ہورہاہے، لہٰذا اس کیخلاف کارروائی ناگزیر ہوچکی تھی۔ اس سلسلے میں ڈپٹی کمشنر کوئٹہ کی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنر سٹی کوئٹہ عطاءالمنیم نے چھاپہ مارکر میڈیکل اسٹور کو سیل کرکے مالک کو گرفتار کرلیا۔ اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ کسی کو بھی نوجوان نسل کو نشہ میں مبتلا کرنے کی اجازت نہیں دی جاسکتی، ایسے عناصر کیخلاف ہر صورت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ نشہ ایک لعنت ہے اور ہماری نوجوان نسل کو اس لت میں مبتلا کرنے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں