اسلام آباد و کراچی میں اے این ایف کی کارروائیاں، منشیات سمگلنگ ناکام ،دو خواتین سمیت6ملزمان گرفتار

اسلام آباد/کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک)اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) نے اسلام آباد اور کراچی ائرپورٹ سے سعودی عرب منشیات سمگل کرنے کی کوشش ناکام بنا نے کے علاوہ وفاقی دارالحکومت میں مختلف کارروائیوں میں منشیات کی بھاری مقدار برآمد کرکے دو خواتین سمیت 6ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ترجمان ا ے این ایف کے مطابق ملک بھر میں انسداد منشیات کی کارروائیاں جاری ہیں، اس سلسلے میں کراچی کے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر سعودی عرب جانے والے ملزم سے 800 گرام ہیروئن برآمد کرلی گئی، جسے مہارت کے ساتھ کتابوں میں چھپایا گیا تھا۔ حکام نے کارروائی کے دوران سعودی عرب جانے والے مسافر کو گرفتار کرلیا۔دوسری جانب اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر جدہ جانے والے مسافر کے پیٹ سے 73 ہیروئن بھرے کیپسول برآمد کرکے ملزم کو گرفتار کرلیا گیا۔علاوہ ازیں اسلام آباد 26 نمبر چونگی کے قریب ایک کارروائی کرتے ہوئے 2 خواتین سے 4 کلو 200 گرام چرس برآمد کرلی گئی۔ اسلام آباد موٹر وے ٹول پلازہ کے قریب کار سے 2 کلو 400 گرام چرس اور ایک کلو 200 گرام افیون برآمد کرلی گئی۔ کارروائی میں 2 ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا ۔اے این ایف نے تمام گرفتار ملزمان کے خلاف انسدادِ منشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں