حکمران انتقام کے اندھے گھوڑے پر سوار ہیں‘مولا بخش چانڈیو

لاہور:پیپلزپارٹی کے سیکرٹری اطلاعات مولابخش چانڈیو نے کہا ہے کہ نیب کی اپوزیشن رہنمائوں کے خلاف تازہ کارروائیاں انتقام اور قابل مذمت ہے ، قائد حزب اختلاف کے گھر پر چھاپے اور وزیراعلی سندھ کی طلبی انتقامی ذہنیت کی عکاسی ہے ۔ا پنے ایک بیان میں انہوںنے کہاکہ عمران خان اپنی حکومت کی گرتی ہوئی ساکھ کو اس طرح کے ہتھکنڈوں سے بچا نہیں سکتے ،یہ کیسا احتساب ہے جس میں صرف اپوزیشن کے خلاف کارروائیاں ہو رہی ہیں ۔ملک بحرانوں سے گذر رہا ہے قوم پریشان ہے اور حکمران انتقام کے اندھے گھوڑے پر سوار ہیں ۔انہوںنے کہاکہ جب جب ملک کو اتحاد اور یکجہتی کی ضرورت پڑی عمران خان نے قوم کو تقسیم کیا ، آصف زرداری ان کی ہمشیرہ کو جیل میں رکھ کر حکومت نے کون سی نیک نامی کمائی ؟ ،خورشید شاہ، شہباز شریف کو جیل میں رکھ کر کون سی معیشت بہتر ہوئی ؟ ،آج جب کورونا اور ٹڈی دل بحران بن چکے تب بھی حکومت اپوزیشن پر ہی حملہ آور ہے ۔تنقید سے سمجھتے ہیں نہ مشورے سے اللہ جان کس چیز سے بنے ہیں یہ حکمران اگر یہ عوام کو کچھ دے نہیں سکتے تو کم از کم ان کا سکون تو مت چھینیں ،جب سے خان صاحب اقتدار میں آئے ہیں سیاسی انتقام کے علاہ اور کچھ نہیں کیا ۔ملک میں جو کچھ ہو رہا ہے اس کے ذمہ دار کوئی اور نہیں وزیراعظم ہیں ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں