پی ڈی ایم اپنے مفادات کیلئے پارلیمنٹ اور عدالت کو دست و گریباں کررہی ہے، مولانا شیرانی

کوئٹہ : جمعیت کے رہنما مولانا محمد خان شیرانی نے کہاہے کہ حکومت میں شامل جماعتیں انتخابات سے قبل احتساب سے تحفظ اور الیکشن کے نام پر اپنے سلیکشن کی یقین دہانی حاصل کرنا چاہتی ہیں پی ڈی ایم اپنے مفادات کیلئے پارلیمنٹ اور عدالت کو ایک دوسرے کے ساتھ دست و گریبان کر رہی ہے انہوں نے کہا کہ قانون سازی کا بنیادی اصول یہ ہے کہ اس کا محور قانون سازی کرنے والے لوگوں کی اپنی ضرورت اور منفعت نہیں بلکہ ملک اور عوام کی ضرورت ہو حالیہ دنوں پی ڈی ایم کی جانب سے صبح شام ہونے والی قانون سازی ملکی نظام کو بہتر انداز میں چلانے کیلئے نہیں بلکہ اپنے اقتدار کو طول دینے کیلئے کی جارہی ہے یہ عدالت کا فرض منصبی ہے کہ وہ پہلے سے موجود قوانین کی روشنی میں پیش آمدہ مسائل کو حل و فصل کرے پارلیمنٹ کے ذریعے ہنگامی طور پر قانون سازی کرکے پہلے سے موجود قوانین کو غیر موثر کرنے کی روش بظاہر دیانت پر مبنی نہیں ہے انہوں نے کہا ہے کہ پاکستان کی سیاسی تاریخ میں نظریہ ضرورت کو ہمیشہ مسلط شدہ آمریتوں کو جواز فراہم کرنے کیلئے بروئے کار لایا جاتا رہا ہے اور الیکشن کو اپنے مقررہ آئینی ٹائم فریم سے مخر کرنے کو بھی مارشل لاﺅں کی روش سمجھا جاتا رہا ہے، پی ڈی ایم کی شکل میں پہلی مرتبہ سیاسی جماعتیں آئین کے جگہ نظریہ ضرورت کی بنیاد پر فیصلے حاصل کرنے اور انتخابات کے بروقت انتخابات کے بجائے اس میں غیر معینہ تاخیر چاہتے ہیں انہوں نے کہا کہ عدالت اور حکومت کے درمیان کشمکش، مختلف اداروں کے اندر پیدا ہونے والی تقسیم و انتشار اور ملک کے مختلف انتظامی یونٹوں کو ایک دوسرے کے سامنے لاکھڑا ہونے سے ملک کی وحدت اور سالمیت کی بنیادیں کمزور ہورہی ہیں ہماری نہ ملک کو توڑنے کی خواہش ہے اور نہ ہی اس کو بچانے کی سکت ہے اگر ملک کو بچانے کے ذمہ دار قوتوں نے اسے توڑنے کے عالمی منصوبے کے راستے میں حائل نہ ہونے کا فیصلہ کیا ہے تو ہم نے کلمہ پاکستان کے نام کا نہیں پڑھا ہے نئی لکیریں جہاں بھی کھینچنی ہے کھینچوا دی جائے ہماری درخواست صرف اتنی ہے کہ ملک کو توڑنے اور بے گناہ عوام کا خون بہانے کے دو گناہوں میں سے صرف ایک ہی گناہ کا ارتکاب کیا جائے یہ ظلم نہ کیا جائے کہ عوام کا خون بھی بہہ جائے اور ملک کو بھی توڑ دیا جائے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں