امریکی ریاست کے ایک بینک میں فائرنگ، 5 افراد ہلاک، 6 زخمی، حملہ آور بھی مارا گیا
نیویارک (مانیٹرنگ ڈیسک) امریکا کے ایک بینک میں فائرنگ کے نتیجے میں 5 افراد ہلاک، 6 زخمی ہوگئے۔ امریکی نشریاتی ادارے سی این این کے مطابق واقعہ امریکی ریاست کینٹکی کے شہر لوئس ول میں پیش آیا جہاں ایک بینک میں بڑے پیمانے پر فائرنگ ہوئی جس کے نتیجے میں عمارت کے اندر موجود پانچ افراد ہلاک اور چھے افراد زخمی ہوگئے۔ مقامی پولیس کے مطابق زخمی افراد کو ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے جبکہ حملہ آور پولیس مقابلے میں مارا گیا۔ ذرائع نے بتایا کہ واقعے کے دوران شوٹر اور پولیس کے درمیان گولیوں کا تبادلہ ہوا۔ لوئس ول میٹرو پولیس نے بتایا کہ شہر کے وسط میں ایسٹ مین اسٹریٹ کے 300 بلاک میں ایک حملہ آور اور متعدد ہلاکتوں کی اطلاع موصول ہوئی جس پر فوری جواب دیا گیا۔ علاوہ ازیں ایف بی آئی لوئس ول نے واقعے کو فائرنگ قرار دیا ہے اور دیگر حکام نے رہائشیوں سے جائے وقوعہ سے دور رہنے کی اپیل کی ہے۔


