آئندہ مالی سال میں بھی تمام علاقوں کو یکساں منصوبے دینگے ،صوبے کی ترقی اولین ترجیح ہے، میر عبدالقدوس بزنجو
کوئٹہ:وزیراعلیٰ بلوچستان میرعبدالقدوس بزنجو سے جمعہ کو صوبائی وزراءسردار عبدالرحمن کھیتران، نور محمد دمڑ مبین خلجی زمرک خان اچکزئی سردار مسعود لونی مٹھا خان کا کڑ ،پارلیمانی سیکرٹری خلیل جارج اراکین اسمبلی میر حمل کلمتی مولوی نور اللہ یونس عزیز زہری اختر حسین لانگو،کوآرڈینٹر ز ملک امان اللہ خان اور امر الدین آغا نے ملاقات کی ۔ملاقات میں صوبے کے سیاسی و ترقیاتی امور پر بات چیت کی گئی۔ صوبائی وزراءاور اراکین اسمبلی نے حکومت پر بے جا تنقید کی مذمت کرتے ہوئے منفی تنقید کو سختی سے مسترد کردیا۔ ملاقات کے شرکاءنے وزیراعلیٰ بلوچستان کی صوبے کی تعمیر و ترقی ،سیاسی استحکام ،بیوروکریسی کی اعتماد سازی اور مثبت پالیسوں پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا اورگزشتہ ڈیڑھ برس کے عرصہ میں ریکو ڈک معاہدہ ،بارڈر ٹریڈ ، روزگار کی فراہمی تعلٰیم و صحت کے شعبوں میں اصلاحاتی عمل پر وزیراعلیٰ کو خراج تحسین پیش کیا۔ صوبائی وزراءنے کہا کہ وزیراعلیٰ کی قیادت میں موجودہ حکومت نے بہت سے ایسے اہداف حاصل کئے جنکا ماضی میں تصور نہیں کیا جاسکتا تھا۔انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ نے اپنے سیاسی تدبر حکمت عملی اور وژن سے صوبے کو ترقی کی راہ پر گامزن کیاانہوں نے کہا کہ سب کو ساتھ لیکر چلنے کی پالیسی کے مثبت نتائج سامنے آ رہے ہیں۔ملاقات کے دوران وزیراعلیٰ نے اہم صوبائی امور پر تمام سیاسی جماعتوں کو اعتماد لیااور آئندہ مالی سال کے بجٹ پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ملاقات میں اتفاق کیا گیا کہ جو اہم فیصلے وزیراعلیٰ کی قیادت میں صوبائی حکومت نے کئے انکے مثبت اثرات مستقبل قریب میں سامنے آئینگے۔وزیراعلیٰ میرعبدالقدوس بزنجو نے کہا کہ آئندہ مالی سال میں بھی تمام علاقوں کو یکساں منصوبے دینگے کسی بھی علاقے سے سیاسی بنیادوں پر کوئی امتیاز نہیں برتا جائے گا۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ صوبے کے ہر علاقے کے عوام مجھے آواران کے عوام کی طرح دل سے عزیز ہیںتمام اراکین اپنے اپنے علاقوں کی ترقیاتی ضروریات کی نشاندہی کریںساتھیوں کا اعتماد ہی میری طاقت ہے۔انہوں نے کہا کہ صوبے کے مسائل کے حل کی کوششوں میں ساتھ دینے پر حکومت اور اپوزیشن کے ساتھیوں کا شکر گزار ہوں۔انہوں نے کہا کہ کبھی خود کو عقل کل نہیں سمجھا مشاورت اور رہنمائی کے حصول پر یقین رکھتا ہوںصوبے کی ترقی اولین ترجیح جس کے لئے مشاورتی عمل جاری رکھیں گے۔


