کوئٹہ کا امن ایک منصوبے کے تحت خراب کرنے کی کوشش کی جارہی ہے، اختر حسین لانگو

کوئٹہ:بلوچستان نیشنل پارٹی کے رہنماء پبلک اکائونٹس کمیٹی کے چیئر مین اختر حسین لانگو نے کہا ہے کہ ایک بار پھر کوئٹہ میں امن وامان اور بھائی چارے کی فضاء کو دانستہ طور پر ایک پلاننگ کے تحت خراب کرنے کی کوشش کی جارہی ہے صوبے کے تمام سیاسی جماعتوں مذہبی رہنمائوں اور تمام اسٹیک ہولڈرز کو ایک پیج پر آنا ہوگا اور ہزارہ ٹائون میں بلال نورزئی اور ساتھیوں پر تشدد ،ٹریفک اہلکار پر تشدد اور ہزارہ قبیلے تعلق رکھنے والے نوجوان لڑکے پر فائرنگ کے واقعات کی روک تھام کیلئے اقدامات اٹھانے ہونگے ان خیالات کااظہارانہوں نے گزشتہ روز اپنے جاری کردہ بیان میں کیا انہوں نے کہا کہ کوئٹہ میں ایک عرصے کے بعد امن وامان اور بھائی چارے کی فضاء قائم ہوئی تھی تمام برادر اقوام ایک دوسرے کے ساتھ مل جل کر رہنے لگے تھے مگر ایک سوچھے سمجھے منصوبے کے تحت ایک بار پھر کوئٹہ شہر کی رونق اور بھائی چارے کی فضائے کو خراب کرنے کیلئے اقدامات اٹھائے جارہے ہیں اس کیخلاف تمام سیاسی پارٹیوں مذہبی رہنمائوں اور اسٹیک ہولڈرز کو آگے آنا ہوگا اور اپنا کلیدی کردارادا کرنے کیلئے ایک آل پارٹیز کانفرنس منعقد ہونا چاہیے جس میں تمام مکاتب فکر کے افراد اس میں شرکت کریں ہم سب کو چاہیے کہ ہم نفرت کی فضاء کو پروان چڑھانے والے شر پسند عناصر کا قلع قمع کریں انہوں نے کہا کہ ان واقعات میں ملوث عناصر کو گرفتار کر کے کیفر کردار تک پہنچانا ہوگا اور اس آگ کو مزید بڑھنے سے روکنے کیلئے اقدامات اٹھانے ہونگے ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں