وزیراعظم میاں محمدشہبازشریف کا بلوچستان کے ساتھ ناانصافیوں کااعتراف
کوئٹہ/اسلام آباد:وزیراعظم میاں محمدشہبازشریف نے اعتراف کرتے ہوئے کہاہے کہ بلوچستان کے ساتھ زیادتیاں ہوئی ہیں لیکن بلوچستان کے بلوچ اور پشتون ہمارے سروں کے تاج ہیں کوشش رہی ہے کہ ان کے مسائل کے حل کیلئے ہرممکن اقدامات کی جائیں بلوچستان کے سیاستدانوں نے ہمیشہ اصولی سیاست کی ہے ۔ان خیالات کااظہار انہوں نے پارلیمنٹ ہاﺅس میں اتحادی جماعتوں کے ارکان اسمبلی کے اعزاز میں ظہرانے اورپارلیمنٹ میں اظہار خیال کرتے ہوئے کیا۔ وزیراعظم کی جانب سے اتحادی جماعتوں کے سربراہان وارکان اسمبلی کے اعزاز میں ظہرانہ دیاگیا جس میں بلوچستان نیشنل پارٹی کے سربراہ سرداراخترجان مینگل ،بلوچستان عوامی پارٹی کے پارلیمانی رہنماءنوابزادہ خالد مگسی ،جمہوری وطن پارٹی کے سربراہ نوابزادہ شاہ زین بگٹی ،آزاد رکن قومی اسمبلی اسلم بھوتانی ودیگر بھی موجود تھے ۔ وزیراعظم میاں محمدشہبازشریف نے کہاکہ یہاں بلوچستان کے معتبرین بیٹھے ہیں بلوچ اور پشتون عوام ہمارے سروں کے تاج ہیں ان کا ہمیشہ گلہ رہاہے کہ بلوچستان کے ساتھ زیادتیاں ہوئی ہیں ،انہوں نے کہاکہ میری ہمیشہ سے کوشش رہی ہے کہ بلوچستان کے مسائل کے حل کیلئے تمام وسائل بروئے کار لاﺅں ،بحیثیت وزیراعلیٰ پنجاب بلوچستان کے ساتھ بھرپور تعاون کی کوشش کی ،انہوں نے کہاکہ معاشی مسائل کی وجہ سے مشکلات بڑھ گئی ہے تاہم اب بھی جدوجہد کا سلسلہ جاری ہے امیدہے بلوچستان کے لوگ ثمرات سے مستفید ہوں۔


