چین پاکستان اقتصادی راہداری چین اور پاکستان کے درمیان گیم چینجر منصوبہ ہے، عبدالقدوس بزنجو

کوئٹہ: وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے کہا ہے کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری چین اور پاکستان کے درمیان گیم چینجر منصوبہ ہے یہ چین کے بیلٹ اینڈ روڈ کے چھ مجوزہ منصوبوں میں سے ایک ہے اس منصوبے کے اعلان کے بعد سے چین کے علاقائی طاقت سے عالمی طاقت بننے کے سفر میں پاکستان کا کردار مرکزی اور انتہائی اہم ہو گیا ہے اس وژن کے تحت وسیع اقتصادی سفر میں بندرگاہوں، زمینی راہداریوں، ریلوے لائنوں کا کردار بنیادی ہے۔ چین نے چین پاکستان اقتصادی راہداری کے بینر تلے پاکستان میں مختلف شعبوں میں بڑی سرمایہ کاری کا اعلان کیا ہے جن میں سے شاہراہوں اور توانائی کے شعبے میں کئی منصوبے مکمل ہو چکے ہیں اور پاکستان توانائی کے شعبے میں خود کفالت کی طرف بڑھ رہا ہے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ریلوے لائنوں کا ایک اہم منصوبہ بھی سی پیک میں شامل ہے جس میں چین کو گوادر سے ایک ریل لائن کے ذریعے جوڑا جائے گا کیونکہ ریلوے لائن جدید دنیا میں سفر کا تیز ترین ذریعہ سمجھی جاتی ہے اور اس میں زیادہ وزن کی ترسیل ہوتی ہے انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم شہباز شریف کے ایک اعلیٰ سطحی وفد کے ساتھ چین کے دورے کے دوران دونوں ملکوں نے ایم ایل ون منصوبہ جلد شروع کرنے پر اتفاق کیا جو دونوں ممالک کے لیے اہم ہے۔سڑکوں کے منصوبوں کے تمام مجوزہ کوریڈور اب تک صرف چین کی خواہش ہے لیکن چین پاکستان اقتصادی راہداری وہ واحد منصوبہ ہے جو تکمیل کے راستے پر ہے اور پوری دنیا کی نظریں اس منصوبے پر لگی ہوئی ہیں اس کی کامیابی سے تکمیل کے لیے گوادر اور کاشغر کے درمیان ایک ٹرین لائن کے ذریعے رابطے کے حصول کے لیئے ML-I railway line لائن منصوبہ بہت اہم ہے جو چین اور مشرق وسطیٰ کے درمیان تیل کی نقل و حمل کا سب سے آسان اور محفوظ طریقہ فراہم کرے گا، جس سے چین کے سفری اخراجات کی بچت ہوگی مزید برآں، ریلوے لائن کی اپ گریڈیشن سے پاکستانی عوام کو تیز رفتار سفری سہولیات میسر آئیں گی اور تجارتی فوائد بھی حاصل ہوں گے جیسے خام مال کو خصوصی اقتصادی زون میں لانا اوراندرون ملک اور گوادر بندرگاہ تک تیار سامان کی تیزی سے ترسیل آسانی سے ہو سکے گی انہوں نے کہا کہ CPEC کو اس کی مکمل صلاحیت تک پہنچانے اور پاکستان ریلوے اور ذرائع آمدورفت میں انقلاب لانے کے لیے اس منصوبے کو جلد از جلد مکمل کرنے کی ضرورت ہے وزیر اعلیٰ نے منصوبے کی جلد تکمیل کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے

اپنا تبصرہ بھیجیں