ماشکیل بازار میں دکان میں آگ بھڑک اٹھی، 6 دکانیں متاثر، فائر بریگیڈ نہ ہونے سے مشکلات
خاران : پاک ایران سرحدی علاقہ ماشکیل بازار میں دکان میں آگ بھڑک اٹھی ، چھ دکانیں آتشزدگی سے متاثر، ایف سی کے واٹر ٹینکر سے آگ پر قابوجبکہ فائر بریگیڈ نہ ہونے سے مشکلات کا سامنا رہا۔بلوچستان کے ضلع واشک کے تحصیل پاک ایران سرحدی شہر ماشکیل بازار میں واقع ایک دکان میں آگ بھڑک اٹھی ، آگ نے ساتھ کے مزید چھ دکانوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ، آگ لگنے کی اطلاع ملتے ہی ماشکیل انتظامیہ اور ایف سی فورس اہلکاران اورذمہ داران متاثرہ جگہ پہنچیں جہاں ایف سی کے واٹر ٹینکر کی مدد سے آگ کو بڑی مشکل سے بجھایا گیا، ماشکیل تحصیل لاکھوں کی آبادی ہے مگر فائر بریگیڈ کی سہولت نہیں ہے۔ ماشکیل کے شہریوں کے مطابق فائر بریگیڈ نہ ہونے کی وجہ سے ماشکیل بارڈری علاقہ میں آتشزدگی کے واقعات میں زیادہ نقصانات کا سامنا کرنا پڑتا ہے ، عوامی حلقوں نے حکام بالا سے ماشکیل تحصیل کو فائر بریگیڈ فراہم کرنے کی پرزور اپیل کی ہے۔


