مجھے ایسے گرفتار کیا جیسے تخریب کار ہوں، انتشار سے متعلق مجھے علم نہیں، عمران خان
اسلام آباد (انتخاب نیوز) پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان نے سپریم کورٹ میں اپنی پیشی کے موقع پر بیان کرتے ہوئے کہا کہ مجھے کچھ پتہ نہیں گرفتاری کے بعد کیا حالات ہوئے، میرے وکلاءنے کل بتایا کہ ملک میں انتشار ہوگیا۔ مجھے عدالت نے کہا انتشار پھیلا، مجھے عدالت سے گرفتار کیا گیا، گرفتار کرنے کیلئے کمانڈو ایکشن کیا گیا۔ مجھے ایسے گرفتار کیا گیا جیسے میں بڑا تخریب کار ہوں۔ کارکنان کو پرامن رہنے کی تلقین کرتا ہوں۔ سپریم کورٹ میں پیشی کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ یہاں میڈیا موجود ہے، پیغام دینا چاہتاہوں، میں تو گرفتار تھا، پرتشدد مظاہروں کا ذمے دار کیسے ہوگیا؟ عمران خان نے کہا کہ میں نے کبھی انتشار کی بات نہیں کی، ملک میں صرف الیکشن چاہتے ہیں، سب کو کہتا ہوں سرکاری اور عوامی املاک کو نقصان نہ پہنچائیں۔ انہوں نے کہا کہ میرا موبائل فون لے لیا گیا، مجھے پتہ ہی نہیں ملک میں کیا ہوا، ملک میں کوئی نقصان چاہتے ہیں نہ انتشار، ہم صرف الیکشن چاہتے ہیں۔ عمران خان نے کارکنوں کو پرامن رہنے کی ہدایت کی اور عدالت کو بتایا کہ مجھے کبھی پولیس لائن اور کبھی کہیں لے کر پھرتے رہے، مجھے سمجھ نہیں آیا ہوا کیا ہے، میں نے نیب نوٹس کا جواب دیا تھا، ملک میں آزادانہ الیکشن چاہتا ہوں۔


