سیکورٹی فورسز عزم و استقلال کیساتھ تخریب کاروں کا مقابلہ کررہی ہیں،و زیراعلیٰ بلوچستان
کوئٹہ :وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے ایف سی کیمپ مسلم باغ پر تخریب کاروں کے حملے کی مذمت کر تے ہوئے کہا ہے کہ ایف سی فورس نے جرات اور دلیری سے حملہ ناکام بناتے ہوئے تخریب کاروں کو بھاری نقصان پہنچایاقوم کو اپنی بہادر سیکورٹی فورسز پر فخر ہے جو عزم و استقلا ل کے ساتھ تخریب کاروں کا مقابلہ کر رہی ہیں۔یہ بات انہوں نے جمعہ کو اپنے ایک بیان میں کہی۔ انہوں نے تخریب کاروں کی کارروائی میں دو ایف سی اہلکاروں کی اموات اور تین اہلکاروں کے زخمی ہونے پر دکھ اور افسوس کا اظہار کر تے ہوئے کہا کہ وہ وقت دور نہیں جب ارض پاک سے تخریب کاری کا مکمل خاتمہ ہو گابلوچستان کے عوام اپنے سیکورٹی اداروں کے ساتھ مضبوطی سے کھڑے ہوئے ہیں۔وزیراعلیٰ نے جاں بحق اہلکاروں کے خاندانوں سے تعزیت و ہمدردی کا اظہار کر تے ہوئے کہا کہ غم کی اس گھڑی میں لواحقین کے ساتھ ہیں، انہوں نے شہداءکے درجات کی بلندی ،زخمیوں کی جلد صحتیابی اور لواحقین کے لئے صبر جمیل کی دعا کی ہے ۔


