بلوچستان بھر میں آرگنائزنگ باڈیز کے انتخابات مرحلہ وار کیے جائیں گے، ینگ ڈاکٹر ایسوسی ایشن
کوئٹہ : ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن بلوچستان کا صوبہ بھر کے تمام ہسپتالوں میں آرگنائزنگ باڈیز کے انتخاب مرحلہ وار کئے جائیں گے۔ترجمان ڈاکٹر عارف خان موسی خیل نے کہا ہے کہ بلوچستان کی صوبائی کابینہ کی منظوری سے بلوچستان بھر کی آرگنائزنگ باڈیز کیلئے درج ذیل قواعد و ضوابط بنائے گئے ہیں ۔آرگنائزنگ باڈی کا ڈھانچہ – آرگنائزر، ڈپٹی آرگنائزر اور 3 یا 5 آرگنائزنگ ممبرز ہونگے۔آرگنائزنگ باڈی کا سربراہ آرگنائزر ہوگا لیکن اپنے تمام فیصلوں میں آرگنائزر نے ڈپٹی آرگنائزر سمیت دیگر آرگنائزنگ ممبرز کو بھی اعتماد میں لینا ہوگا، ایسا کوئی بھی فیصلہ جو آرگنائزر نے ڈپٹی آرگنائزر اور آرگنائزنگ ممبرز کی کثرت رائے کے برخلاف لیا ہوگا اسے کالعدم قرار دیا جائے گا۔آرگنائزنگ باڈی ہر ہسپتال میں صوبائی کابینہ کی براہ راست نمائندگی کرے گی ۔ ہسپتال میں کسی بھی مسئلے کی صورت میں آرگنائزنگ باڈی جو بھی فیصلہ کثرت رائے سے لے گی اس پر صوبائی کابینہ کو اعتماد میں لینا لازمی ہوگا، صوبائی کابینہ کو اعتماد میں لئیے بغیر کئے جانے والے تمام فیصلوں کی کوئی آئینی اور اخلاقی حیثیت نہیں ہوگی۔ کوئی بھی آرگنائزنگ باڈی اپنی طرف سے نہ کوئی پالیسی بیان شیئر کر سکتی ہے اور نہ کوئی سٹیٹمنٹ دے سکتی ہے ، پالیسی بیان صرف اور صرف صوبائی ترجمان کابینہ کی منظوری سے ہی شیئر کرے گا۔سرکاری ہسپتالوں میں ڈاکٹروں اور مریضوں کو درپیش مسائل کے حوالے سے اگر کسی آرگنائزنگ باڈی نے کوئی بیان جاری کرنا ہوا تو اس آرگنائزنگ باڈی پر لازم ہوگا کہ وہ اپنے مسائل کابینہ کے سامنے رکھے، کابینہ کی منظوری کے بعد صوبائی ترجمان پریس ریلیز جاری کرے گا اور اس طرح بلوچستان کے دوردراز علاقوں میں بیٹھے ڈاکٹروں اور مریضوں کے مسائل پر صوبائی سطح پر آواز اور اقدامات اٹھائے جائیں گے۔تنظیمی ساخت کو مزید منظم اور مستحکم بنانے کیلئے صوبائی کابینہ آئین کے مطابق وقت فوقتا ترامیم کرتی رہی گی جسے تسلیم کرنا ہر آرگنائزنگ باڈی پر لازم ہوگا۔تنظیمی ساخت کو مضبوط بنانے کیلئے وائی ڈی اے بلوچستان کے تمام رجسٹرڈ ممبرز کی تجاویز کو سنجیدہ لیا جائے گا۔


