کارکن کے قتل کا مقدمہ ہمارے ہی کیخلاف درج کردیا گیا، گرفتاریاں اور چھاپے قابل مذمت ہے، پی ٹی آئی بلوچستان
کوئٹہ (این این آئی) تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی ہدایت پر یونین کونسل کی سطح پر پورے ملک کی طرح بلوچستان میں بھی آئین بچاﺅ ملک بچاﺅ، چیف جسٹس پاکستان اور سپریم کیساتھ اظہار یکجہتی کیلئے مظاہرے کیے گئے۔ تحریک انصاف بلوچستان کے میڈیا کوآرڈینیٹر محمد آصف ترین اور دیگر سینئر قیادت صوبائی سیکرٹریٹ شہباز ٹاﺅن کوئٹہ میں اظہار یکجہتی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کسی بھی قوم، ادارے یا تنظیم کا وجود آئین و قانون کے بغیر ممکن نہیں ہے، آئین و قانون اور عدلیہ کی بدولت انصاف، نظام، سزا وجزا کا نظام چلتا ہے لیکن بدقسمتی سے امپورٹڈ حکومت، کرپٹ سیاستدان اداروں کو اپنی کرپشن و چوریاں چھپانے، کیسیز ختم کروانے اور ذاتی مفادات کے لئے استعمال کررہے ہیں، بالخصوص امپورٹڈ حکومت اقتدار کے مزے لوٹنے کے باوجود سپریم کورٹ آف پاکستان و چیف جسٹس آف پاکستان کو اپنی لونڈی بنانا چاہتے ہیں کہ اقتدار بھی ملے، چوریاں بھی چھپے، کیسیز بھی ختم، الیکشن بھی نہ ہو اور غیر قانونی طریقے سے عمران خان کو بھی نااہل کیا جائے لیکن قوم نے انکو مسترد کرکے عمران خان کی آواز پر لبیک کرتے ہوئے سپریم کورٹ اف پاکستان اور چیف جسٹس آف پاکستان کیساتھ کھڑی ہوگئی جسکی دلیل چند ہفتے پہلے اور آج کے یہ احتجاجی مظاہرے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے پرامن احتجاج پرے فائرنگ، انسو گیس کی شیلنگ کی جس سے ہمارے پارٹی کے نظریاتی ورکر عمر عزیز کو قتل اور درجنوں کو زخمی کیا اس سے بڑھ کر عمر عزیز کی موت اور زخمیوں کا مقدمہ ہمارے خلاف درج کیا اس تسلسل میں ہماری لیڈرشپ کو گرفتار اور گھروں پر چھاپے مارے جارہے ہیں جو کسی عجوبے سے کم نہیں جس کی ہم پرزور مذمت کرتے ہیں مظاہرے سے مرکزی سینئر نائب صدر نوبزادہ شریف جوگیزئی، صوبائی نائب صدر سید میر علی آغا، نواب خان دومڑ، جمال عبدالناصر، برات خان خلجی، منورہ منیر بلوچ، کلثوم پانیزئی، زولیخا مندوخیل، مہوش جنجوعہ اور دیگر نے خطاب کیا ۔


