نارووال سپورٹس سٹی کیس: احسن اقبال کیخلاف انکوائری انویسٹی گیشن میں تبدیل

اسلام آباد: نارووال سپورٹس سٹی کیس میں لیگی رہنما احسن اقبال کے خلاف انکوائری کو انویسٹی گیشن میں تبدیل کر دیا گیا۔ نیب نے پیشرفت رپورٹ اسلام آباد کی احتساب عدالت میں پیش کر دی۔احتساب عدالت میں نارووال سپورٹس سٹی کیس کی سماعت ہوئی۔ جج محمد بشیر نے نیب سے استفسار کیا کہ بتائیں ریفرنس دائر کرنا ہے یا کیس خارج کر دیں، نیب نے پیشرفت رپورٹ عدالت میں پیش کرتے ہوئے موقف اپنایا کہ کورونا کے باعث تحقیقات میں دیر ہو رہی ہے، تحقیقات مکمل ہوتے ہی ریفرنس دائر کر دیا جائے گا۔احسن اقبال روسٹرم پر آئے اور کہا کہ نیب میڈیا پر کردار کشی کر رہا ہے جس پر جج نے ریمارکس دیئے کہ میڈیا والی باتوں کا جواب باہر جا کر میڈیا پر ہی دیں۔ عدالت نے کیس کی سماعت 26 جون تک ملتوی کر دی۔لیگی رہنما احسن اقبال نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نالائق اور نااہل حکمران مسلط ہیں، پورا ملک کورونا کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا، شوگر کمیشن رپورٹ میں سب ذمہ داران کے نام سامنے تھے، عمران خان کو کمیشن میں طلب نہیں کیا گیا، چینی کرپشن میں مجرم کو بچانے کیلئے ایف آئی آر نہیں کاٹی گئی۔ احسن اقبال نے آزاد اورمنصفانہ انتخابات کا مطالبہ بھی کیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں