پاکستان مسلم امہ کی واحد ایٹمی قوت ہے، بلوچستان کے عوام کو مسلح افواج پر فخر ہے، میر قدوس بزنجو

کوئٹہ (این این آئی) وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے کہا ہے کہ 25 سال قبل 28 مئی 1998 کو پاکستان نے ایٹمی طاقت حاصل کی مسلح افواج اور ملکی دفاع ناقابل تسخیر والے بنانے والے تمام افراد مشکلات کے خلاف ثابت قدم رہے،پاکستان کا دفاع مضبوط اور ایٹمی صلاحیت جنوبی ایشیائی خطے میں طاقت کے توازن کو برقرار رکھنے کے لئے ہے۔یہ بات انہوں نے 28 مئی کے موقع پر اپنے ایک پیغام میں کہی۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان اپنی سرحدوں کی حفاظت اور اپنی سا لمیت برقرار رکھنے کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے مسلح افواج ملکی قیادت اور ہمارے ایٹمی سائنسدانوں نے قابل ستائیش اور تاریخی کار نامہ سر انجام دیا۔ انہوں نے کہاکہ ایٹمی صلاحیت کا حصول قوم اور آنے والی نسلوں کے لئے بھی قابل فخر ہے 28مئی ہمیں پاکستان کی ترقی سا لمیت اور خوشحالی کے لئے اجتماعی طور پر خدمت کرنے کا درس دیتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ بلوچستان کے عوام کو بہادر مسلح افواج پر فخر ہے ہمیں فخر ہے کہ ہم ایک ایسے ملک میں رہتے ہیں جو مسلم امہ کی واحد ایٹمی قوت ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں