محکمہ جنگلات گوادر کی کارروائی، ہرن کا غیر قانونی شکار کرنیوالے کو ایک لاکھ 10 ہزار روپے جرمانہ
گوادر (نمائندہ انتخاب) محکمہ جنگلات گوادر کی بڑی کارروائی، جنگلی ہرن کا غیر قانونی شکار کرنے والے شخص کو ایک لاکھ دس ہزار روپے کا جرمانہ کرڈالا۔ گزشتہ دنوں سب ڈویژن سنٹسر دشت کے رہائشی وارث نامی شخص نے جنگلی ہرن کا غیرقانونی شکار کیا تھا، جنگلی ہرن کے غیرقانونی شکار کی اطلاع سیکرٹری محکمہ جنگلات و جنگلی حیات اور چیف کنزرویٹر وائلڈ لائف تک پہنچنے کے بعد سیکرٹری فارسٹ اینڈ وائلڈ لائف نے فوری طور پر چیف کنزرویٹر وائلڈ لائف شریف الدین بلوچ کو کو ہرن کا غیر قانونی شکار کرنے والے شخص کیخلاف وائلڈ لائف ایکٹ کے تحت قانونی کارروائی شروع کرنے کے احکامات دے دیے، جس کی روشنی میں چیف کنزرویٹر وائلڈ لائف نے ڈپٹی کنزرویٹر جنگلات و جنگلی حیات گوادر یار محمد بلوچ کو کارروائی کرنے کی ہدایت کردی جس پر ڈپٹی کنزرویٹر گوادر یار محمد بلوچ نے اے سی وائلڈ اسد اللہ بلوچ، اسسٹنٹ وائلڈ لائف کنزرویٹر گوادر عصمت علی و جنگلات کے دیگر عملہ کے ہمراہ کاروائی کرتے ہوئے گزشتہ دنوں ہرن کا شکار کرنے والے سنٹسر کے رہائشی وارث کو ایک لاکھ دس ہزار روپے کا جرمانہ عائد کردیا۔


